اسلام آباد: ملک میں کاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2.7 فیصد جبکہ ستمبر 2020ء کے دوران 8.57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2020ء میں ملک میں 11 ہزار 860 یونٹس کاریں فروخت ہوئیں جو گذشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 8.57 فیصد زیادہ ہے جبکہ گذشتہ سال ستمبر میں ملک میں 10 ہزار 923 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی سے لے کر ستمبر) کے دوران ملک میں کاروں کی فروخت میں گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2.7 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیے:
ٹیکسٹائل سیکٹر میں اپنی دھاک بٹھانے کے بعد بنگلہ دیش اب کاریں بنائے گا
مستقبل میں کاریں بجلی پر چلیں گی اور وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں ای کاریں متعارف کرانے میں کافی سنجیدہ نظر آتے ہیں
الیکٹرک وہیکلز پالیسی بن گئی، لیکن کیا پاکستان میں بجلی پر گاڑیاں چلانے کا منصوبہ کامیاب ہو پائے گا؟
جولائی سے لیکر ستمبر 2020ء تک کی مدت میں ملک میں 31 ہزار 868 کاریں فروخت ہوئیں، گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 31 ہزار 17 کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2020ء میں ہونڈا سوک و ہونڈا سٹی کاروں کی فروخت میں 67 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ٹویوٹا کرولا کی فروخت میں 32 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ستمبر 2020ء میں ہونڈا سٹی اور سوک کے دو ہزار 293 یونٹس فروخت ہوئے، گذشتہ سال ستمبر میں ہونڈا سٹی اور سوک کے ایک ہزار 368 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔ ستمبر 2020ء میں ٹویوٹا کرولا کے ایک ہزار 219 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال ستمبر کے برابر رہی۔
اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2020ء میں سوزوکی سوئفٹ کاروں کی فروخت میں 35 فیصد اور ٹویاٹا یاریس کی فروخت میں 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم سوزوکی کلٹس کی فروخت میں 28 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔
اعدادوشمار کے مطابق سوزوکی ویگن آر کی فروخت میں ستمبر کے دوران 70 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، ستمبر میں ویگن آر کے ایک ہزار 161 یونٹس فروخت ہوئے، گزشتہ سال ستمبر میں ویگن آر کے محض 680 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔