سفری سہولیات میں انقلاب، پاکستان میں پہلی الیکٹرک بائیک شئیرنگ سروس کا آغاز

رومر ٹیکنالوجیز نے اسلام آباد میں بجلی سے چلنے والی موٹربائیکس کی شئیرنگ سروس متعارف کروادی، صارفین ایپ کے ذریعے بائیک بُک اور خود چلا کر منزل مقصود تک پہنچ سکیں گے۔

1126

اسلام آباد : نیشنل انکیو بیوشن سنٹر اسلام آباد کے سٹارٹ اپ رومر ٹیکنالوجیز (Roamer Technologies) نے وفاقی دارالحکومت میں ملک کی پہلی الیکٹرک بائیک شئیرنگ سروس “ezBike” متعارف کروا دی۔

پاکستان کے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اپنی نوعیت کے اس انقلابی منصوبے میں کنیکٹیویٹی کے لیے جاز سم کا استعمال کیا جائے گا۔

بجلی سے چلنے والی موٹر بائیکس کی شئیرنگ کی تعارفی تقریب نیشنل انکی بیوشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں دیگر شرکا کے علاوہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کے وزیر سید امین الحق بھی شریک تھے۔

“ezBike” ایک بائیک شئیرنگ ایپ ہے جس میں رائڈ کی سہولت کے لیے بجلی سے چلنے والی موٹربائیکس استعمال کی جائیں گی۔  صارفین ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی قریبی بائیک کے بارے میں جان سکیں گے اور اسے خود چلا کر مطلوبہ جگہ پہنچنے پر مقرر کردہ جگہ پر پارک کرسکیں گے جس کے بعد مذکورہ بائیک کسی دوسرے صارف کے لیے دستیاب ہوجائے گی۔

اس کام کے لیے تمام ادائیگی ڈیجیٹل طریقے سے ہی کی جاسکے گی۔

یہ بھی پڑھیے :

ریڈار ٹیکنالوجی کی حامل منفرد موٹرسائیکل تیار  

موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں 20فیصد اضافہ

رومر ٹیکنالوجیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق “ezBike” صارفین ڈیجیٹل ذرائع سے پانچ روپے کی ادائیگی کرکے کسی بائیک کو اَن لاک کر سکیں گے اور بائیک کی رائڈ  کا فی منٹ کرایہ پانچ روپے ہے، رائڈ کے دوران بائیکس کو روکا بھی جا سکے گا او اس دروان کرایہ دو روپے فی منٹ کے حساب سے چارج کیا جائے گا۔

“ezBike” کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کے لیے قابل فخر بات ہے کہ پاکستان میں “ezBike” جیسی کمپنیاں کام شروع کر رہی ہیں، پاکستان کا مستقبل آئی ٹی کے ساتھ وابستہ ہے اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی ایجادات کے بغیر ہم ترقی نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی سے چلنے والی ٹرانسپورٹ گیم چینجر ہو گی اور حکومت اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے والوں کو مدد فراہم کرے گی۔ ہم  ملک میں سٹارٹ اپس  کی حوصلہ افزائی میں جاز کے کردار کے بھی معترف اور شکرگزار ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ  ezBike کی سہولت عوام خصوصاً خواتین کے لیے بہت زبردست چیز ہے، وزارت آئی ٹی عوامی فلاح و بہبود کے منصبوبوں کی مدد جاری رکھے گئی۔

اس موقع پر رومر ٹیکنالوجیز کے سی ای او محمد ہادی نے کہا کہ پاکستان میں صرف 10 فیصد عوام کے پاس اپنی خود کی سواری ہے جو ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔

’ezBike کے ذریعے ہم بائیک شئیرنگ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں جو سفری سہولیات کے لحاظ سے ایک انقلاب ہے،  یہ ایک سستی، آرام دہ، اور ماحول دہ سفری سہولت ہے اور کورونا سے بچاؤ کے لیے اپنی سواری خود چلانے کی سہولت سے صارفین اسلام آباد میں سماجی فاصلے کی دوری کے اصول کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی منزل مقصود پر پہنچ سکیں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کے 88 شہروں میں بائیک شئیرنگ سروسز کام کر رہی ہیں، رومر ٹیکنالوجیز اگلے سال تک دو ہزار الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کا ارادہ رکھتی ہے جس سے جہاں عوام کو سستی اور محفوظ سفری سہولت میسر آئے گی وہیں پر ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو گا۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here