اسلام آباد چیمبر کا سٹیٹ بینک سے شرح سود 2 فیصد کرنے کا مطالبہ

حکومت سٹارٹ اپس کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان، اسلام آباد میں میڈیا اور ٹیک سٹی کے قیام پر غور کرے، صدر آئی سی سی آئی

643

اسلام آباد:  اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سٹارٹ اپس کیلئے بھی ریلیف پیکج کا اعلان اور اسلام آباد میں میڈیا اور ٹیک سٹی کے قیام پر غور کرے۔

گزشتہ روز صدر اسلام آباد چیمبر یاسر الیاس خان سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر یاسر الیاس خان نے کہا کہ میڈیا اور ٹیک سٹی دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو ایک بہتر پلیٹ فارم مہیا کرے گا کہ وہ ان شعبوں میں اپنی تخلیقی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور ان شعبوں میں بہتر مصنوعات تیار کرکے ملک کی برآمدات میں اضافہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ سٹارٹ اپس کے لئے بھی ایک ریلیف پیکیج متعارف کرائے تاکہ پاکستان میں سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی ہو کیونکہ پاکستان کے پاس میڈیا، آئی ٹی اور سافٹ ویئر کی مصنوعات کی برآمد کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت پائی جاتی ہے، ہمارے پاس ان شعبوں کے ماہرین موجود ہیں۔

صدر اسلام آباد چیمبر کا کہنا تھا کہ متعدد ممالک نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے کاروباری اداروں کی امداد کے مقصد سے سود کی شرح میں نمایاں کمی کی ہے لہٰذا سٹیٹ بینک بھی شرح سود کم کر کے دو سے تین فیصد پر لائے، اس سے ایس ایم ایز سمیت کاروباری اداروں کو ترقی و وسعت میں سہولت ہو گی اور تجارتی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔

اس موقع پر ارشد وحید چوہدری سینئر نائب صدر اور انور رضا سیکرٹری جنرل نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، حکومت ان کے اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معیشت کے بہت سے شعبوں بشمول سیاحت، توانائی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کی ترقی کے لئے زیادہ سے زیادہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی ضرورت ہے اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت کے قیام پر توجہ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی موجودہ پالیسیاں کاروبار کو فروغ دینے میں معاون نہیں ہیں اور ایف بی آر اپنی ٹیکس پالیسیوں کو کاروبار دوستانہ بنانے پر توجہ دے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں نجی شعبے کو سہولت مل سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here