مالی سال 2021 میں پاکستانی معیشت کس حال میں ہوگی؟ آئی ایم ایف رپورٹ جاری

مالی سال 2021 میں ملکی جی ڈی پی کی شرح نمو مثبت، مہنگائی میں کمی تاہم بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوگا : انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ

1035

اسلام آباد : پاکستان کی معیشت کورونا کے اثرات سے باہر آنے لگی، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) نے مالی سالی 2021ء میں ملکی جی ڈی پی کی شرح نمو میں گزشتہ برس کی نسبت معمولی بہتری کی پیشگوئی کر دی۔

عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) کے مطابق مالی سال 2020ء کی منفی 0.4 فیصد کی پریشان کن شرح نمو کی نسبت مالی سال 2021ء میں ملکی جی ڈی پی کی شرح نمو ایک فیصد رہے گی۔

یہ بھی پڑھیے :

آئی ایم ایف کا قلیل مدتی قرضوں کے حوالے سے پاکستان پر سختی کرنے پر غور

’عالمی معیشت 4.4 فیصد تک سکڑنے کا خدشہ، صرف چین کی اقتصادی نمو مثبت رہے گی‘

اس کے علاوہ  آئی ایم ایف نے پیشگوئی کی ہے کہ مالی سال 2021ء میں ملک میں مہنگائی کی شرح 8.8 فیصد رہے گی جو گزشتہ مالی سال 10.7 فیصد تھی تاہم بیروزگاری کی شرح 5.1 فیصد ہو جائے گی جو مالی سال  2020ء میں 4.5 فیصد تھی۔

آئی ایم ایف کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ کورونا کے باعث ملک کی ترسیلات زر میں زبردست کمی ہوئی تھی مگر اب ان کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر بجھوانے کی شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 31.1 فیصد زیادہ رہی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ترجمان نے بتایا کہ جولائی سے لے ستمبر 2020ء تک کی مدت میں سمندر پار پاکستانیوں نے 7.1 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2019ء) کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 5.5 ارب ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا تھا۔

ماہانہ حساب سے ستمبر 2020ء کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 2.3 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجیں  جو ستمبر 2019ء کے مقابلے میں 31.2 فیصد اور اگست 2020ء کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here