کراچی: آغا سٹیل انڈسٹریز کے 30 ملین حصص (مجموعی حصص کا 25 فیصد) کی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) آج (14 اکتوبر) سے شروع ہو گی اور 15 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ فی حصص قیمت 32 روپے کے حساب سے مقرر کی گئی ہے۔
آغا سٹیل انڈسٹریز کے آئی پی او کی بک بلڈنگ کا مرحلہ گذشتہ ہفتے انجام پایا جسے بہت زیادہ پذیرائی ملی۔ ادارہ جاتی اور انفرادی سرمایہ کاروں نے بک بلڈنگ کے عمل میں آغا سٹیل کے 90 ملین حصص خریدے۔
آغا سٹیل انڈسٹریز کے آئی پی او کو ادارہ جاتی اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست ردِ عمل ملا ہے کیونکہ فی حصص حتمی قیمت مقررہ 30 روپے سے بڑھ کر 32 روپے ہو گئی۔
آغا سٹیل انڈسٹریز نے مجموعی طو ر پر 3.8ارپ روپے اکھٹے کئے جس کے بعد یہ سٹیل کے شعبے کا سب سے بڑا اور نجی شعبے کا دوسرا بڑا آئی پی او بن گیا۔
بروکرز اور سرمایہ کاری فرمز نے آئی پی او کی سبسکرپشن کرنے کیلئے تقریباً متفقہ ایڈوائزری جاری کیں جس کے نتیجے میں آئی پی او بک بلڈنگ کے حجم 2.7 ارب روپے کے برعکس سرمایہ کاروں کی مانگ 4.4 ارب روپے رہی۔
آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم کو کمپنی اپنی رولنگ کی موجودہ صلاحیت 250,000 میٹرک ٹن سے بڑھا کر 650,000 میٹرک ٹن تک بڑھانے کیلئے استعمال کرے گی جس سے بار کی پیداواری صلاحیت میں 160 فیصد اضافہ ہو گا۔