پاکستان نے تیل اور گیس کی درآمد کیلئے آئی ٹی ایف سی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دئیے

905

اسلام آباد: پاکستان نے تیل اور گیس درآمد کرنے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کے ساتھ 386 ملین ڈالر مالیت کے فنانسنگ معاہدے پر دستخط کر دیے۔

یہ سہولت پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کمپنی لمیٹڈ، پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کی جانب سے استعمال کی جائے گی۔ اقتصادی امور ڈویژن، آئی ٹی ایف سی، پی ایس او، پارکو اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے کے تحت ایک سال کے عرصے تک تیل اور ایل این جی کی درآمد کے لیے 386 ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے، آئی ٹی ایف سی نے پی ایس او، پارکو اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی جانب سے سال 2020ء کے دوران تیل اور ایل این جی درآمد کرنے کے لیے 1.2 ارب ڈالر فنانسنگ کی حامی بھری ہے۔

یہ مدِنظررہے کہ آئی ٹی ایف سی کے ساتھ تین سالہ (2018-2020) معاہدے کے تحت یہ سہولت مجموعی طور پر 4.5 ارب ڈالر فنانسنگ کی سہولیات کا حصہ ہے، اس حوالے سے آئی ٹی ایف سی نے اپریل 2018ء میں معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

اس معاہدے سے پاکستان کو تیل اور گیس پر درآمدی بلز کی ادائیگی اور ملک کے غیرملکی زرِمبادلہ کے ذخائر پر سے دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here