اسلام آباد: حکومت نے سرکاری شعبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت پٹرولیم ڈویڑن کے 8 منصوبوں کیلئے 1.329 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ ان منصوبوں کیلئے جاری مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کل 1.786 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کے اعدادوشمارکے مطابق حکومت نے پانچ جاری منصوبوں کیلئے 1.662 ارب روپے مختص کئے ہیں جن میں سے 10 کروڑروپے پاکستان پٹرولیم کور ہائوس کی توسیع و اَپ گریڈیشن، نوشان اور بہلول ایریا (بلوچستان) میں کوئلہ کی دریافت و تجزیہ پر 65.24 لاکھ روپے، دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کو 13.5 ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس کی فراہمی پر 30.3 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
اسی طرح رشکئی خصوصی اقتصادی زون کو 30 ملین کیوبک فٹ گیس کی فراہمی کیلئے 1.15 ارب روپے اور لاہور، کوئٹہ، پشاور، ملتان اوراسلام آباد میں ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کی لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن کیلئے 10 کروڑ روپے شامل ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تین نئی سکیموں کیلئے 12 کروڑ 34 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جن میں نیشنل منرلز ڈیٹا سینٹر کے قیام کیلئے چار کروڑ 8 لاکھ روپے اور 50 ٹوپوشیٹس کی جیالوجیکل میپنگ کیلئے دو کروڑ روپے کے فنڈز شامل ہیں۔