لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاغذ پر ڈیوٹی اور ٹیکسز کو کم کیا جائے تاکہ پیپر انڈسٹری اپنے پائوں پر کھڑی ہو سکے۔
گزشتہ روز ایل سی سی آئی کے صدر میاں طارق مصباح اور سینئر نائب صدر ناصر حمید خان سے لاہور چیمبر کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کے وفد نے ملاقات کی،
وفد نے مطالبہ کیا کہ کاغذ پر ڈیوٹیز اور ٹیکسز کم کئے جائیں جس سے ناصرف طلباء کو سستے نرخوں پر نصابی کتب مہیا کی جا سکیں گی بلکہ پیپر سے متعلقہ صنعت بھی اس سے فائدہ اٹھا سکے گی۔
کاغذ کے شعبے سے وابستہ تاجروں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اور بالخصوص کورونا کے بعد کے دور میں سستے نرخوں پر درسی کتب کی دستیابی کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ وہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کےلئے ہر مارکیٹ سے فوکل پرسنز مقرر کریں۔ وفد کے اراکین نے اردو بازار اور منسلک علاقوں کے ساتھ ساتھ انارکلی میں پارکنگ کا معاملہ اٹھایا۔
پارکنگ پلازوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ اپنی تجویز کو لاہور چیمبر میں ارسال کریں جس میں جگہ کی نشاندہی کے ساتھ ایک جامع پلان بھی شامل ہو تاکہ حکومت سے مشاورت کر کے پارکنگ پلازوں کی تعمیر پر کام شروع کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا تعلق بزنس کمیونٹی سے ہے اور وہ کاروبار سے متعلق تمام امور میں تعاون جاری رکھے گا۔
لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ناصر حمید خان نے کہا کہ تاجر برادری کو اپنے مسائل کے حل کےلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے کہا ہے کہ وہ برآمدات بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی لیکن ابھی بھی رکاوٹیں موجود ہیں جنھیں آزادانہ طور پر برآمدات بڑھانے کے لئے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وفد کے ارکان پر زور دیا کہ ایل سی سی آئی نے ایک چھت تلے تاجر برادری کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا ہے۔ ایف بی آر، پی آر اے، نادرا، پاسپورٹ، ای او بی آئی، آئی پی او، لیسکو اور بہت سے دوسرے محکمے پہلے ہی بزنس کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں‘ آنے والے دنوں میں باقی ماندہ محکمے بھی یہاں موجود ہوں گے۔