چین کا ترقی پذیر ممالک کو مستقبل میں کورونا ویکسین کی فراہمی کیلئے”کوویکس“ کیساتھ معاہدہ

کم اور درمیانی آمدنی والے 92 ممالک کو مستقبل میں ویکسین کی فراہمی کے لیے دو ارب ڈالر فنڈز اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر

707

بیجنگ: چین نے ترقی پذیر ممالک کو مستقبل میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین کی فراہمی کے لیے ”کوویکس“ کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔

”کوویکس“ پوری دنیا میں مساوی بنیادوں پر ویکسین کی فراہمی کی عالمی مہم ہے اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے کام کرتی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے  چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چو نین نے جمعہ کو بتایا کہ کوویکس کے ساتھ معاہدہ چین کے لیے باعث فخر ہے جو عالمی سطح پر غریب ممالک کے عوام کی بہتری کے لیے ویکسین کی فراہمی کےوعدے کی تعمیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد کورونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین کی امیر ممالک تک تقسیم کے محدود ہونے کے خدشات کو دور کرنا اور چین کے ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی فراہمی کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا اہم کردار ادا کرنا ہے۔

چینی ترجمان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو چینی ویکسین کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی اور امید ہے کہ مزید اہم ممالک بھی ویکسین کی فراہمی کےلیے کوویکس کے ساتھ شامل ہوں گے اور اس کی حمایت کریں گے۔

چینی ترجمان نے معاہدے سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں کہ چین کتنے فنڈز دے گا۔ معاہدے کے مطابق کم اور درمیانی آمدنی والے 92 ممالک کو مستقبل میں ویکسین کی فراہمی کے لیے دو ارب ڈالر فنڈز اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here