سی ایف اے سوسائٹی کی جانب سے میزان بینک کیلئے ’بہترین اسلامی بینک‘ کا ایوارڈ

643

کراچی: میزان بینک کو سی ایف اے سوسائٹی پاکستان نے سال 2019ء کے بہترین بینک اور بہترین اسلامی بینک کے ایوارڈز سے نوازا ہے۔

میزان بینک کو یہ ایوارڈز حال ہی میں منعقدہ سی ایف اے سوسائٹی پاکستان کے سترہویں سالانہ ایکسی لینس ایوارڈز کی تقریب میں دیے گئے۔ سی ایف اے سوسائٹی پاکستان سی ایف اے انسٹی ٹیوٹ امریکا کی ممبر سوسائٹی ہے۔

میزان بینک کو اس کی سرمایہ کاری بینکاری کی کارکردگی اور بلیو چپ کارپوریٹ کمپنیوں کو مشاورتی خدمات مہیا کرنے کے اعتراف میں سال 2019ء کیلئے بہترین کارپوریٹ فنانس ادارے کے طور پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔

اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام نے گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر سے ایوارڈز وصول کئے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کچھ  بڑے اور روایتی بینکوں کے مقابلے میں سی ایف اے سوسائٹی آف پاکستان نے میزان بینک کو مجموعی طور پر صنعتی بنیادوں پر سال کے بہترین بینک کے ایوارڈز سے نوازا ہے۔

اس سے پہلے ادارے کی جانب سے متعدد بار اپنے کلائنٹس کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کو اسلامی مالیاتی خدمات فراہم کرنے پر بینک کی عمدہ کارکردگی کو تسلیم کیا جا چکا ہے۔

پاکستان میں اسلامی بینکاری کے علمبردار کی حیثیت سے میزان بینک اسلامی مالیاتی صنعت کی رہنمائی کرتا ہے جو مسابقتی ، شرعی کمپلائنٹ مصنوعات اور خدمات کے ساتھ ایک وسیع کسٹمر بیس تک رسائی رکھتا ہے۔

اس موقع پر میزان بینک کے صدر اور سی ای او عرفان صدیقی نے کہا کہ ہمیں سی ایف اے سوسائٹی کی جانب سے یہ ایوارڈز ملنے پر فخر ہے۔ یہ ایوارڈز ہماری قابلِ ذکر شریعہ کمپلائنٹ بینکنگ اور ملک میں اسلامی بینکاری کو مستحکم کیلئے ہماری کوششوں اور عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here