لندن: کورونا وائرس کی وباء اور بریگزٹ کے بعد یورپی یونین کے ساتھ نیا تجارتی معاہدہ کرنے میں ناکامی آئندہ دس سال تک برطانیہ کے جی ڈی پی میں سالانہ 174 ارب پاﺅنڈ خسارے کا باعث بن سکتی ہے۔
یہ بات برطانوی ادارے بیکر اینڈ میکنزی کی طرف سے جاری رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ایسے معاہدے کے لئے رواں ماہ کے وسط کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وباء کے باعث برطانیہ کے جی ڈی پی میں 2.2 فیصد کمی کا اندیشہ ہے۔
دوسری جانب اگر برطانیہ بریگزٹ کے بعد یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو بھی جاتا ہے تو اس صورت میں بھی یہ برطانیہ کے جی ڈی پی میں 3.1 فیصد کمی کا باعث بن سکتا ہے لیکن تجارتی معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں برطانیہ کے جی ڈی پی میں کمی 3.9 فیصد تک ہو جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ برطانوی کمپنیاں صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کر رہی ہیں تاہم بریگزٹ کے بعد یورپی یونین کے رکن ممالک کو برطانوی برآمدات میں خاطر خواہ کمی ہو سکتی ہے۔ اس صورت میں برطانوی حکومت کو اپنے صنعتی اداروں کی مالی مدد کرنا پڑے گی۔
بریگزٹ کے مخالفین کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی پر برطانیہ کو بھاری مالیاتی نقصان کے ساتھ ساتھ اپنے اثرورسوخ میں بھی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔