واشنگٹن: امریکہ کے ایک وفاقی جج نے امیگریشن کی مختلف درخواستوں کے ساتھ جمع کروائی جانے والی فیسوں میں اضافے کے اقدام کو نافذالعمل ہونے سے روک دیا۔
ان چارجز میں تقریباً 20 فی صد تک اضافہ 2 اکتوبر سے لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ان اضافی فیسوں میں امریکہ میں پناہ لینے کے درخواست گزاروں کے لیے 50 ڈالر کے چارجز بھی شامل تھے۔
اگر اس پر عمل ہوتا تو امریکی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوتا کہ پناہ گزینو ں کو درخواست کے ساتھ فیس ادا کرنا پڑتی۔
امریکہ میں شہریت حاصل کرنے کی درخواست کے ساتھ ادا کی جانے والی فیس کو 640 ڈالر سے بڑھا کر 1170 ڈالر کیا جا رہا تھا لیکن وفاقی جج جیفری وائٹ نے کیس کو نمٹاتے ہوئے کئی عوامل کے حوالے دیتے ہو ئے کہا کہ فیسیں بڑھانے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ نے نئے قوائد و ضوابظ بنانے میں طریقہ کار پر مناسب انداز میں عمل نہیں کیا۔
انہوں نےکہا کہ فیس بڑھاتے وقت کم آمدنی والے طبقے پر اس کے ممکنہ اثرات کا بھی گہرائی سے جائزہ نہیں لیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکہ کے شہریت اور امیگریشن کے ادارے نے اس سال بتایا تھا کہ کورونا بحران کے پیش نظر اس کی آمدنی بہت کم رہی ہے۔