کراچی: سندھ حکومت نے مسافر گاڑیوں میں لگے غیر معیاری گیس سلنڈرز کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ایمپریس مارکیٹ، راشد منہاس روڈ اور آواری کے اطراف کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد مسافر گاڑیوں سے غیر معیاری گیس سلنڈرز نکلوا دئیے۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس نے کئی گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔
سید اویس قادر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین ان اسکول وینز میں بچوں کو نہ بھیجیں جس میں گیس سلنڈر لگا ہوا ہو، پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈر کا استعمال خطرناک ہے، سلنڈر ہٹانے کی مہم چلانے سے پہلے سندھ حکومت کی جانب سے اخبار میں اشتہار دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سلنڈر کی وجہ سے کچھ دن پہلے ایک حادثہ بھی ہو چکا ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں سی این جی قوانین موجود ہیں۔ سکول وین اور بسوں سے ایل پی جی سلنڈر نکال کر ان پر مقدمہ درج کروایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس پر الزام تراشی کرنے کی بجائے اپنا کام کرے، موٹروے پولیس اگر اپنا کام کرتی تو موٹروے پر حادثات نہ ہوتے۔
اویس شاہ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی تمام گاڑیوں سے گیس سل نکال کر ان کو چھوڑدیا جائے، اسکول وین اور بسوں سے ایل پی جی گیس سلنڈر نکال کر ان کو بند کیا جائے۔