اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کےمابین ویڈیو اینالیٹکس رولز 2020 کے نفاذ کا معاہدہ طے پا گیا۔
یہ معاہدہ ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں طے پایا جس پر ایف بی آر ممبر ( آئی آر آپریشنز) ڈاکٹر محمد اشفاق اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر سکندر خان نے اپنے اپنے اداروں کی طرف سے دستخط کیے۔
ایف بی آر نے حال ہی میں ویڈیو اینالیٹکس رولز 2020 جاری کیے ہیں جس کا مقصد مخصوص اشیا کی الیکٹرانک مانیٹرنگ ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
ایف بی آر کی کارروائی : ایل پی جی کمپنی کی اربوں روپے کی منی لانڈرنگ بے نقاب
اس موقع پر ایف بی آر ممبر ڈاکٹر اشفاق کا کہنا تھا کہ کاروبار میں آسانی کی فراہمی کی نیت سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو چاہتا کہ ٹیکس ادا کرنے اور وصول کرنے والوں کے درمیان روایتی انداز کا رابطہ کم سے کم ہو۔
اس مقصد کے لیے ویڈیو اینالیٹکس ٹیکنالوجی متعارف کروائی گئی ہے جس کے ذریعے ہائی ٹیک کمیروں کی مدد سے چینی کی پیداوار کی نگرانی کی جائے گی اور اس طریقے سے اکھٹی کی جانے والی معلومات کا استعمال ٹیکس کلیکشن کے لیے کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب، ادائیگی میں کٹوتی کرنیوالی شوگر ملز کیخلاف سخت سزائوں کا آرڈیننس جاری
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر سکندر خان نے ایف بی آر کے ساتھ معاہدے کو تاریخی موقع قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن ایف بی آر کے الیکٹرانک نگرانی کے نظام سے رضاکارانہ طور پر منسلک ہونے والی پہلی ٹریڈ باڈی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن ایف بی آر کی جانب سے معیشت کو ڈیجیٹیلائز کرنے کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر طارق حسین شیخ نے اس موقع پر ویڈیو اینالیٹکس ٹیکنالوجی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شوگر ملوں کو اس سسٹم میں استعمال ہونے والے آلات ایف بی آر کے منظور شدہ تاجروں سے حاصل ہوسکیں گے جس کے ذریعے شوگر ملوں کی پروڈکشن لائن کو ایف بی آر کے سنٹرل کنٹرول روم سے جوڑا جائے گا۔