کراچی: پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے نو منتخب چئیرمین شیخ عبدالوحید نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر خوردنی بیجوں کی کاشت کاری کو فروغ دے کر کھانے کے تیل کی چار ارب روپے کی درآمدات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین رضا ابراہیم اور وائس چئیرمین رفیع اللہ سمیت کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔
چیئرمین شیخ وحید نے کہا کہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انڈسٹری کے مسائل حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 900 ارب روپے مالیت کا سالانہ 4.5 ملین ٹن گھی اور کوکنگ آئل پیدا کر رہا ہے جبکہ بناسپتی انڈسٹری کو حکام کی بھرپور توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ملک کی ٹیکس دہندگان کے پانچ اہم سیکٹرز میں سے ایک ہے۔
پی وی ایم اے ارکان نے شیخ وحید کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ تمام وسائل کو استعمال کرکے انڈسٹری کے تمام مسائل حل کریں گے۔