کراچی: سندھ حکومت نے ہر طرح کی پبلک سروس وہیکلز (پی ایس ویز) میں لیکویفائیڈ پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کو بطور ایندھن استعمال کرنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سیلنڈر کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سندھ ٹرانسپورٹ نے پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی کے استعمال پر پابندی عائد کر دی، اس سلسلے میں انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پولیس، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ٹریفک پولیس اور ایس ایس پیز کو مذکورہ فیصلے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے خبردار کیا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے جاری کردہ فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والی وہیکلز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایم9 موٹروے پر مسافر بس میں سیلنڈر سے آگ لگنے کے افسوس ناک حادثے میں 18 قیمتی انسانی جانیں لقمہ اجل بنی تھیں، بس میں 22 مسافر سوار تھے۔ بدقسمت مسافر بس حیدرآباد سے کراچی جارہی تھی کہ ایم9 موٹروے پر بس الٹنے سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔
افسوس ناک سانحے کے خلاف سوموار کے روز کیس رجسٹرڈ کیا گیا تھا، ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) میں کار ڈرائیور اور بس ڈرائیور کو قصوروار نامزد کیا گیا ہے جن کے اوورٹیکنگ کی وجہ سے سانحہ پیش آیا۔