اسلام آباد: حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی تجاویز مسترد کر دی ہیں۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آئندہ 15 دنوں کے لئے پٹرول کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.40 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دی تھی۔
اوگرا کی جانب سے حکومت کو بھجوائی گئی تجاویز میں کہا گیا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 4 فیصد فی لٹر کمی کی جائے۔
اوگرا نے سفارش کی تھی کہ پٹرولیم لیوی کی شرح بڑھا کر قیمتیں برقرار رکھی جاسکتی ہیں، اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپے تک فی لٹرکمی کی تجویز بھی دی تھی۔