پاکستانی مالیاتی نظام کی بہتری کے لیے 30 کروڑ ڈالر پالیسی قرض منظور

یہ قرض ایشیائی ترقیاتی بنک کے پروگرام کے تحت ملکی مالیاتی مارکیٹوں کے حجم، صلاحیت اور سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافے، مارکیٹ انفراسٹرکچر، سرویلنس اور متبادل مالیاتی نظام کی سپلائی میں بہتری کے لیے استعمال کیا جائے گا

664

اسلام آباد : پاکستانی مالیاتی شعبے کی بہتری کے لیے ایشیائی ترقیاتی بنک نے تیس کروڑ ڈالر پالیسی قرض کی منظوری دے دی۔

اس قرض کا استعمال ملک میں مسابقت پر مبنی سرمایہ مارکیٹوں کے قیام اور نجی شعبے کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کے لیے کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بنک کی سینئیر پراجیکٹ آفیسر ثنا مسعود کا کہنا تھا کہ سرمایہ مارکیٹیں معیشت کو بہتر کرنے، مسابقتی اور جدید بنانے میں مددگار دیتی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک کے اس پروگرام کے تحت لائی جانے والی اصلاحات مالیاتی اخراجات کو کم کرنے سمیت نجی شعبے کو سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی ترقی میں حصہ ڈالنے اور نوکریاں پیدا کرنے کی ترغیب دے گا۔

مزید برآں یہ پروگرام سرمایہ مارکیٹوں کے عدم استحکام کے پاکستانی معیشت پر منفی اثرات کو کم کرنے کے علاوہ ملکی معیشت کو وسعت بھی دے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

معیشت بحالی کی راہ پر گامزن، درمیانی اور طویل مدت کے قرضوں کے حصول میں اضافہ، سٹیٹ بینک

کووِڈ-19 کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 3.7 ارب ڈالر کی گرانٹس، قرضے وصول کیے

انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سرمایہ مارکیٹیں ملکی معیشت کی بہتری و ترقی میں بہت محدود کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کی تعداد بہت اچھی نہیں ہے۔

ملک کی آبادی کے صرف 0.1 فیصد حصے کے اسٹاک انویسٹنگ اکاؤنٹ ہیں اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج جی ڈی پی کے تناسب سے مارکیٹ کیپیٹلائزیشن میں خطے میں مقابلے میں بہت پیچھے ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کے پرنسپل فنانس سیکٹر سپیشلسٹ سید علی ممتاز ایچ شاہ کا کہنا تھا کہ ڈیبٹ میجنمنٹ آفس کی بہتری حکومتی بانڈ کی مارکیٹ کو مستحکم بنیادوں پر کھڑا کرسکتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ کیپیٹل مارکیٹ سے متعلقہ کیسز کی شنوائی کے لیے ایک علیحدہ ٹرائیبیونل سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرے گا ۔

واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کے مالیاتی سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک دہائی میں تین پروگرام(  بشمول موجودہ) دے چکی ہے۔

تیسرا پروگرام ملکی مالیاتی مارکیٹوں کے حجم اور صلاحیت میں اضافے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ اس سے سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ، مارکیٹ انفراسٹرکچر، سرویلنس اور متبادل مالیاتی نظام کی سپلائی بہتر ہوگی۔

مزید برآں پروگرام کی بدولت حکومت قرضوں کو بہتر طور پر مینیج کرسکے گی۔

 حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بنک  کے درمیان پروگرام کے تحت قومی کیپیٹل مارکیٹوں کے ماسٹر پلان کے ڈیزائن پر اتفاق ہوگیا ہے ۔

اس پروگرام کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بنک اصلاحات کے نفاذ کے لیے آٹھ لاکھ ڈالر کی مالی معاونت بھی فراہم کرے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here