کراچی: آغا سٹیل انڈسٹریز نے ہورائزن سٹیل کے ساتھ 10.5 ارب روپے کے معاہدے پر دستخط کر دئیے جس کے تحت آغا سٹیل انڈسٹریز ہورائزن سٹیل کو سالانہ ایک لاکھ ٹن لو کاربن بلٹس فراہم کرے گی۔
معاہدے کے تحت آغا سٹیل ڈاﺅن سٹریم انڈسٹریز کو بلٹس کی شکل میں خام مال فراہم کرنے والا ایک بااعتماد ذریعہ بن جائے گا۔
آغا سٹیل پاکستان میں لو کاربن سٹیل بلٹس تیار کرنے والا واحد ادارہ ہے جو وائر راڈ انڈسٹری کو لو کاربن بلٹس فراہم کرکے درآمدی بلٹس کا متبادل فراہم کرے گی اور ملک کو زرِمبادلہ کی بچت کو یقینی بنائے گی۔
آغا سٹیل انڈسٹریز کے چیف مارکیٹنگ آفیسر سلیمان لاکھانی نے اس موقع پر کہا کہ ہم پاکستانی ڈاﺅن سٹریم سٹیل سیکٹرکو مہنگے درآمدی بلٹس کا متبادل فراہم کرکے زرِ مبادلہ کی بچت کو یقینی بنائیں گے۔
’آغا سٹیل جدید یورپین الیکٹرک آرک فرنس ٹیکنالوجی استعمال کرکے اعلیٰ معیار کی بلٹس تیار کرتی ہے جس سے تعمیرات میں استعمال ہونے والے سریا اور بیش قیمت انجنئیرنگ مصنوعات بنانے والی وائر راڈز بنائی جا سکتی ہیں۔‘
اس معاہدے کے ذریعے آغا سٹیل انڈسٹریز کی سالانہ سیلز میں 68 فیصد اضافہ ہو جائے گا، سلیمان لاکھانی نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے حال ہی میں اپنی بلٹس کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا ہے جس سے کمپنی کی بلٹس کی پیداوار 2.5 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 4.5 لاکھ ٹن سالانہ ہو گئی ہے۔
اس موقع پر ہورائزن سٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شعیب سلطان نے کہاکہ اب پاکستان میں اسٹیل مصنوعات کی پیداوار کیلئے درآمدی ذرائع پر انحصار کم ہو جائے گا۔ انہوں نے ملک میں اسٹیل انڈسٹری کی گروتھ میں نمایاں ترقی کی امید کا بھی اظہار کیا ہے۔