پمپوں کی بندش، بھاری جرمانوں نے پشاور کے پٹرول پمپ مالکان کا پارہ چڑھا دیا

موٹر سائیکل سواروں کو بنا ہیلمٹ پٹرول نہ دینے کے حکم کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عملے کو زدو کوب کیے جانے ، پمپ سیل کرنے اور بھاری جرمانوں کے خلاف پمپ مالکان میں شدید غم و غصہ، صوبائی حکومت سے نوٹس کی اپیل، روڈ سیفٹی قوانین پر ٹریفک پولیس کے بجائے پٹرول پمپوں کے ذریعے عمل درآمد کروانے کی پالیسی مسترد کردی

613

پشاور : پٹرول پمپ مالکان نے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے بغیر پٹرول نہ دینےکے ضلعی حکومت کے حکم  کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں، پمپوں کو سیل کرنے اور عملے کو ہراساں کرنے کے واقعات کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے پٹرولیم  کے اجلاس میں بھی اس چیز کا تذکرہ ہوا۔

یہ اجلاس سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز کی زیر صدارت منعقد ہوا اور اس میں کمیٹی کے سربراہ منصور شریف سمیت سینئیر وائس چئیرمین محمد ابراہیم، وائس چئیرمین حفیظ اللہ مروت، وائس چئیرمین عبدل جلیل جان آفریدی اور دوسرے ارکان شریک تھے۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومت کے بائیکرز کو بنا ہیلمٹ پٹرول نہ دینے کا حکم کاروبار دشمنی ہے اور اس سے تاجروں اور حکومت کے درمیان بدگمانی پیدا ہورہی ہے۔

کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ روڈ سیٖفٹی قوانین پر عمل درآمد کروانا ٹریفک پولیس، ایکسائز اور دوسرے متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے لیکن اسے کاروباری برادری کے کاندھے پر ڈال دیا گیا ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے قلات میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے

پی ایس او نے ملک میں یورو فائیو فیول متعارف کروادیا

کمیٹی نے پٹرول پمپوں پر بڑھتے ہوئے ڈکیتی کی وارداتوں پر حکومت سے سخت ایکشن کا مطالبہ بھی کیا۔

مزید برآں کمیٹی شرکا نے صوبائی حکومت سے موٹر سائیکل سواروں کو بنا ہیلمٹ پٹرول دینے کے احکامات کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی پٹرول پمپ انتظامیہ سے بدسلوکی کے پے در پے رونما ہونے والے واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

اس کے علاوہ کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لیبر ڈیپارٹمنٹ  کے اہلکاروں کی غیر موجودگی میں پٹرول پمپوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات چیک کرنے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

کمیٹی شرکا کا کہنا تھا کہ روڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد متعلقہ محکموں کی مدد سے کروایا جانا چاہیے نہ کہ پٹرول پمپوں کو اس کام کا پابند بنایا جائے۔

کمیٹی نے پٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کی تنظیم نو اور بحالی کا بھی متفقہ فیصلہ کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here