اسلام آباد : روس نے ایک بار پھر کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کر دیا۔
ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں روس کے سفیر Danila V. Ganich نے کہا کہ ان کا ملک نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن میں 1.7 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنے کے لیے پر عزم ہے۔
روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور روس کی باہمی تجارت اس کی صلاحیت کے مطابق نہیں ہے اور براہ راست تجارتی تعلقات میں ایک دوسرے کے کاروباری مزاج اور طریقہ کار سے عدم واقفیت اور زبان کے مسائل ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
ترکی کی کراچی میں ٹرام سروس چلانے کی پیشکش
پاکستان اور چین کا سی پیک کی تعمیر میں عالمی برادری کی شمولیت پر اتفاق
عالمی حالات پر بات کرتے ہوئے روسی سفیر نے کہا کہ دنیا میں جنگل کا قانون نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کی طرح روس بھی ہتھیاروں کی دوڑ نہیں چاہتا اور ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس افغانستان میں امن کے لے ہر مدد فراہم کرنے کو تیار ہے تاہم انٹرا افغان ڈائیلاگ کے کامیاب ہونے کے امکانات محدود نظر آتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ روس پاکستانی طلبہ کو دیے جانے والے سکالرشپس کی تعداد بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن کورونا کے باعث اسے عملی جامہ پہنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔