لاہور: حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے یوتھ افئیرز اور یوتھ پروگرام کے چئیرمین عثمان ڈار نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) میں منعقد ہونے والی چیک ڈسٹری بیوشن تقریب میں نوجوانوں کے لیے 100 ارب روپے فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ “حکومت 21 سے 45 سال کے شہریوں کو آسانی سے سرمائے تک رسائی فراہم کرنے پر مکمل طور پر کاربند ہے تاکہ وہ اپنی انٹرپرینور سکلز کو بھرپور طریقے سے استعمال کرکے ملکی معیشت کو مضبوط کرسکیں”، پروگرام سے نوجوانوں کے لیے 10 لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں چھوٹے اور درمیانے درجے، مائیکرو اور گھریلو صنعت جیسے شعبے عدم توجہ کی وجہ سے مسلسل مسائل کا شکار رہے، وزیراعظم عمران خان چھوٹے اور درمیانے درجے کے شعبوں پر توجہ دینے کے لیے مکمل طور پر ٹیکسٹائل منسٹری قائم کرنے کا سوچ رہے تھے۔
فیصل آباد ڈویژن میں یوتھ پروگرام کی مقبولیت بارے انہوں نے کہا کہ 21 ہزار نوجوانوں نے 27 ارب روپے کا مطالبہ کیا ہے، “جلد ان درخواستوں کی جانچ پڑتال شروع کی جائے گی جس کے لیے تمام 21 بینکوں کو اس عمل میں شریک کیا گیا ہے”۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت 300 چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو پہلے ہی 1.3 ارب روپے مالیت کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ چھ سے سات ہزار چھوٹے یونٹس کے لیے 5 ارب روپے کے قرضے منظور کیے گئے تھے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ “یہ یونٹس چند ماہ کے اندر قرضے حاصل کرلیں گے”، پروگرام کے تحت ڈیڑھ سال کے اندر ایک سے ڈیڑھ لاکھ نوجوان نوکریاں حاصل کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ تمام قرضے سیاسی مداخلت کے بغیر شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے۔