اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے درآمدی اشیاء کی مس ڈکلریشن، انڈر انوائسنگ کے خلاف اقدامات تیز کر دیئے۔
ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس اہلکاروں نے درآمدی اشیاء کی کلیرنس کے بعد ان کے آڈٹ کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پوسٹ کلیرنس آڈٹ کراچی نے مس ڈیکلریشن اور انڈر انوائسنگ پر کراچی کے ایک سپر سٹور سے 6 کروڑ روپے وصول کرکے حکومتی خزانہ میں جمع کرا دیے ہیں۔
اس کے علاوہ ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے گزشتہ چند روز کے دوران 62 ٹن پان، 30 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل، 8 نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیاں اور دیگراشیا برآمد کرلی ہیں جن کی مالیت 10 کروڑ 3 لاکھ روپے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کسٹمز نے گوادر کے ایریا میں نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن کے دوران 22 سمگل شدہ گاڑیاں برآمد کر لی ہیں جن میں کار اور سپورٹس یوٹیلٹی گاڑیاں شامل ہیں، قبضہ میں لی جانے والی گاڑیوں کی مالیت 45 ملین روپے ہیں۔