خیبر پختونخوا میں روڈ سیکٹر کی 33 سکیمیں مکمل، 114 پر کام جاری

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی کمیونیکیشنز اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کو جاری میگا پراجیکٹس تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت اور وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی، سوات موٹروے فیز ٹو، پشاور ڈی آئی خان موٹر وے پرکام کے آغاز کی تیاریاں، سیاحوں کی سہولت کے لیے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں سڑکوں کی تعمیر

688

پشاور : وزیراعلی خیبر پختون خوا محمود خان نے محکمہ کمیونیکیشنز اینڈ ورکس کو مواصلات کے شعبے میں تمام جاری میگا پراجیکٹس پر کام تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

انکا کہنا تھا کہ اس حوالے سے درکار تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

اس حکم میں انہوں نے سوات موٹر وے کے فیز ٹو، پشاور ڈی آئی خان موٹر وے اور دیر موٹر وے پر تیزی کے ساتھ کام مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیے:

’سندھ میں مزید تین سپیشل اکنامک زونز تعمیر کیے جائیں گے‘

وزیراعلی ہاوس میں محکمہ کمیونیکیشنز اینڈ ورکس کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ حکومت صنعتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے پر عزم ہے اور اس نے اس مقصد کے لیے متعدد منصوبے بنائے ہیں۔

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ ایگزیکٹیو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کاؤنسل ( ایکنک ) نے سوات موٹروے کے فیز ٹو کے لیے زمین کی خریداری کی منظوری دے دی ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ نے منصوبے کی معاشی و کمرشل فیزیبلٹی کی سفارش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

حکومت کی سی پیک کے لیے آٹھ نئے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر منصوبوں کی پیشکش

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دیر موٹر وے کی کمرشل اور فنانشل سٹڈی کے لیے کنسلٹنسی کا ٹھیکہ اگلے ماہ دیا جائے گا۔ اسی طرح  پشاور ڈی آئی خان موٹر وے کی فنانشل اور کمرشل فیزیبلٹی اگلے ماہ مکمل ہوجائے گی۔

مزیف برآں خیبر پختون خوا انٹی گریٹڈ ٹورزم ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ ( کائٹ ) کے تحت  سیاحت کے فروغ کے مالاکنڈ ڈویژن میں پچاس کلومیٹر کی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں۔

اسی طرح ہزارہ ڈویژن میں سیاحوں کی سہولت کے لیے رابطہ سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں جبکہ شیخ بدین کی طرف تیس کلومیٹر طویل رابطہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک روڈ سیکٹر میں 33 سکیمیں مکمل کی جاچکی ہیں جبکہ رواں مالی سال 114 سکیموں پر کام جاری ہے۔

پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کا اجلاس کے شرکا کو بتانا تھا کہ وہ اب تک 170 کلومیٹر ہائی ویز اور 79 پل تعمیر کرچکی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here