کراچی : سوئی سدرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے آئندہ موسم سرما میں سندھ میں گیس کے شدید بحران سے متعلق خبردار کر دیا۔
کمپنی کے ترجمان نے ایک بیان میں اس حوالے سے کہا کہ رواں برس موسم سرما میں کراچی اور صوبے کے دوسرے حصوں کو 300 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سوئی سدرن کے مطابق اگر ایسا ہوا تو اس کی وجہ کمپنی کو گیس فیلڈ سے قدرتی گیس کی فراہمی میں کمی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے : سوئی ناردرن کی کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن ایک ارب ڈالر میں بچھانے کی پیشکش
کمپنی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گیس کے موجودہ کم پریشر کی وجہ گیس فیلڈ میں پریشر کی کمی ہے۔
کمپنی کو اس وقت 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس شارٹ فال کا سامنا ہے ۔ مزید برآں سنجھورو اور زرغون گیس فیلڈز سالانہ مرمت کی وجہ سے بند ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیے : پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے قلات میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے
واضح رہے کہ سردیوں کی آمد سے قبل ہی کراچی سمیت سندھ کے متعدد شہروں میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق متوقع گیس بحران سے شہر کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک بھی متاثر ہوگی جس سے موسم سرما میں شہریوں کو دہری مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔