مالی سال 2020: ابتدائی دو ماہ میں برآمدات میں 4.25 فیصد، درآمدات میں 5.85 فیصد کمی

دو ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 60.82 ارب، خام پٹرول 40.33 ارب، موبائل فونز پر 26.56 ارب اور پام آئل کی درآمد پر 24.61 ارب روپے کا زرمبادلہ صرف ہوا

609

اسلام آباد: ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں 4.25 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے لے کر اگست 2020ء تک پاکستانی برآمدات کا حجم 3.585 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اِسی مدت کے مقابلے میں 4.25 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں پاکستانی برآمدات کا حجم 3.744 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق اگست 2020ء میں نیٹ وئیر کی برآمدات سے ملک کو 41.69 ارب روپے، ریڈی میڈ گارمنٹس 34.04 ارب روپے، بیڈ وئیر 30.35 ارب روپے، کاٹن کلاتھ سے 24.37 ارب روپے حاصل ہوئے۔

اسی طرح  پاکستانی چاول کی برآمدات سے 10.99 ارب روپے، تولیے کی برآمدات سے 9.27 ارب روپے، دھاگا 9.15 ارب روپے، اور باسمتی چاول کی برآمدات سے 5.63 ارب روپے کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق اگست 2020ء  میں درآمدات میں کمی کا تناسب 9.53 فیصد رہا، اگست میں پاکستانی درآمدات کا حجم 3.32 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، اگست 2019ء میں پاکستانی درآمدات کا حجم 3.72 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جاری مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ملکی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 5.85 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جولائی سے لیکر اگست 2020ء تک ملکی درآمدات کا حجم 6.99 ارب ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں درآمدات کا حجم 7.43 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اگست 2020ء میں جن اہم اشیاء کی درآمد کی گئی ہے ان میں پیٹرولیم مصنوعات، موبائل فونز، پلاسٹک میٹریل، پام آئل، ایل پی جی، لوہا اور آئرن سکریپ شامل ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 60.82 ارب روپے، خام پٹرول کی درآمد پر 40.33 ارب روپے، موبائل فونز کی درآمد پر 26.56 ارب روپے اور پام آئل کی درآمد پر24.61 ارب روپے کا زرمبادلہ صرف ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here