پشاور : دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لیے پاکستان اور افغانستان کے تاجروں نے دسمبر میں مشترکہ صنعتی نمائش کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
سارک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر حاجی غلام علی نے اس حوالے سے پرافٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ سارک چیمبر اور پاک افغان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون کے ساتھ منعقد کروائی جانے والی اس نمائش کا مقصد دونوں ملکوں ( پاکستان اور افغانستان ) کے درمیان تجارت کو فروغ دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اکسیوں صدی جنگ نہیں بلکہ تجارت کی صدی ہے اور مشترکہ صنعتی نمائش کے انعقاد جیسے اقدام سے دونوں طرف کے تاجر ایک دوسرے کے قریب آئیں گے جو کہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ نمائش دونوں ملکوں میں روزگار کا سبب بنے گی جس سے بیروزگاری میں کمی واقع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے:
برطانیہ، یورپی یونین کے مابین تجارتی معاہدہ 15 اکتوبر کو متوقع
پولیس، ضلعی حکام کی رشوت ستانی پر پاک افغان تجارت سے منسلک تاجر پھٹ پڑے
سارک چیمبر کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ پاک افغان تجارت میں اضافے کے لیے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی تاجر کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی اور اچھے تجارتی تعلقات دونوں ملکوں کو قریب لانے کا سبب بنیں گے۔
اس حوالے سے افغان کمرشل اتاشی محمد فوادرش کا بتانا تھا کہ اس نمائش میں افغانستان سے چھ شعبہ جات کی مصنوعات پیش کی جائیں گی اور اس میں افغان چیمبر سے منسلک تاجر کمیونٹی شرکت کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ افغان وزیر صنعت نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس نمائش میں پاکستانی اور افغان تاجروں کو صنعتی اور زرعی مصنوعات کی نمائش کے لیے تیس تیس سٹال الاٹ کیے جائیں گے۔ نمائش میں روایتی ثقافت اور کھابوں کے شو بھی ہوں گے۔