لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
منگل کو میگا پراجیکٹ کا سنگ بیناد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اس منصوبہ میں نئے پاکستان کا تصور نظر آ رہا ہے، اس منصوبہ میں تمام پیسہ نجی شعبہ سے آئے گا جبکہ حکومت صرف سہولتیں فراہم کرے گی، اوورسیز پاکستانی اس منصوبے میں سرمایہ کاری میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو منصوبہ کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیا شہر بنانا آسان کام نہیں، مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں پانی کا مسئلہ شدت سے بڑھ رہا ہے تاہم نئے شہر میں جو جھیلیں بنیں گی اس سے لاہور شہر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گا، لاہور میں 40 فیصد کچی آبادیاں ہیں اور یہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور کے تمام سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کے بعد راوی میں گرایا جائے گا جس سے دریائے راوی کا پانی صاف ہو گا۔ نیا شہر مکمل منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے اور ہم اس کو گرین سٹی بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ غریبوں، یتیموں اور بے سہارا افراد کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی عظیم قوم بنیں، ہماری حکومت نے پہلی بار لوگوں کو صحت کارڈ دیے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہر خاندان کو صحت کارڈ دیا جائے گا، غریب طبقہ کیلئے ہیلتھ کارڈ اور ہیلتھ انشورنس منصوبے شروع کئے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کسی بھی حکومت نے بے گھر افراد کیلئے کچھ نہیں کیا تاہم ہماری حکومت نے پہلی بار ان کیلئے پناہ گاہیں تعمیر کیں، پناہ گاہوں کے معیا ر میں بہتری لا رہے ہیں، بہترین کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان صرف ایک نعرہ تھا، ہم نے عملی طور پر بے گھر اور بے سہارا افراد کیلئے احساس پروگرام شروع کیا، احساس پروگرام کے تحت تعلیمی وظائف بھی فراہم کئے جا رہے ہیں، احساس پروگرام کے تحت بچوں میں غذائی کمی کے خاتمہ کیلئے پروگرام شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کیلئے ہم نے گھروں کی تعمیر شروع کی ہے اور انہیں کم شرح سود پر قرضے فراہم کریں گے اور غریب سے غریب تر افراد بھی اپنا خرید سکیں گے۔ اس کے علاوہ دیہات میں خواتین کیلئے روزگار سکیم کا بھی اجراءکر دیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ لوگ مشکلات کو نئے پاکستان سے جوڑ رہے ہیں، ماضی کے حکمران ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر چلے گئے، قرضوں کی واپسی کیلئے سخت فیصلے کرنا پڑے جس سے مشکلات آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف ہماری حکمت عملی کامیاب رہی، سمارٹ لاک ڈاﺅن کی پالیسی اپناتے ہوئے غریب طبقہ کا خیال رکھا، کورونا کی وجہ سے دنیا میں سب سے زیادہ بھارتی معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔
قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے راوی ریور پراجیکٹ سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مستقبل کے نئے منصوبہ سازوں کیلئے کئی دہائیوں تک ایک مثال ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پراجیکٹ کے حوالے سے با اختیار اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے جو اپنے قواعد و ضوابط خود بنائے گی، کوئی اس اتھارٹی کے کام میں مداخلت نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے تین برس اس منصوبے پر تیزی سے کام کریں گے اور ایک نیا شہر آباد کر کے دکھائیں گے۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومت ماضی میں نمائشی منصوبوں پر توجہ دیتی رہی، سات برس قبل اس منصوبے کا پلان پیش کیا گیا مگرماضی کے حکمران اس کو شروع نہ کر سکے کیونکہ ان کی ترجیحات میں عوام کی حقیقی تبدیلی لانے والے منصوبے شامل ہی نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کی پہچان بننے والا دریائے راوی گندے نالے میں بدل چکا ہے لیکن کسی کو اس کی فکر نہیں، لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی آ گئی ہے، ہم دریائے راوی کی گزر گاہ میں 46 کلومیٹر جھیل بنائیں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ ماحول دوست منصوبہ ہے، یہاں لگائے جانے والے 60 لاکھ سے زائد پودے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی لائیں گے، پانی کیلئے بیراج اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بنائے جائیں گے، جھیل میں بارشوں کا وہ پانی ذخیرہ کیا جائے گا جو اس سے قبل ضائع ہو جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جھیل بننے سے نہ صرف دریا کا ایکو سسٹم بہتر ہوگا بلکہ زیر زمین پانی کا لیول بھی بحال ہو گا، اس جھیل سے تقریباً ایک ارب لیٹر پانی زیر زمین جائے گا اور آبی بخارات کی صورت میں موسم کو خوشگوار بنانے کا سبب بنے گا، 46 کلومیٹر طویل اور ہزاروں ایکڑ پر محیط راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں 12 مختلف سپیشلائزڈ سٹی بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ میں 90 فیصد میٹریل مقامی طو رپر تیار شدہ استعمال ہو گا جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملنے کے ساتھ معیشت کو فائدہ پہنچے گا اور روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہونگے۔