اسلام آباد: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے درمیان الیکٹرک بسوں کے حوالہ سے معاہدہ طے پا گیا۔
سی ڈی اے اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام نے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین اور چیئرمین سی ڈی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں اگلے 10 سالوں میں 40 فیصد ٹرانسپورٹ بجلی پر منتقل ہو جائے گی۔ پہلے مرحلہ میں ہم چین سے 30 الیکٹرک بسیں منگوا رہے ہیں، ان بسوں میں تقریباً 40 ہزار سے زائد مسافر سفر کر سکیں گے۔ الیکٹرک بسوں سے کروڑوں روپے مالیت کی ڈیزل کی بچت ہو گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اس منصوبے میں سی ڈی اے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ امید ہے اگلے سال کے اندر دو اور الیکٹرک بس کمپنیاں پاکستان آئیں گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بہت جلد لڑکیوں کے لئے بھی تھری ویلر کاریں لانے کا منصوبہ ہے، اس سے پبلک ٹرانسپورٹ میں ایک بڑا انقلاب آئے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد میں بجلی سے چلنے والی ٹرانسپورٹ متعارف کرانے پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے وفاقی دارالحکومت میں آلودگی میں کمی ہونے کے علاوہ ٹرانسپورٹ کا مسئلہ بھی حل ہو گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں سات روٹس پر یہ بسیں چلیں گی، بچت کی وجہ سے اس منصوبے میں ہمیں سبسڈی نہیں دینا پڑے گی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج نواز شریف سے متعلق فیصلہ خوش آئند ہے، ایک تاثر پھیل رہا تھا کہ قانون کمزور لوگوں کے لئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا موقف تھا کہ نواز شریف فراڈ کر کے بھاگے ہیں، آج عدالت نے بھی اس پر تصدیق کی مہر لگا دی ہے۔ حکومت کے لئے اب یہ معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے رکھنا آسان ہو گیا ہے۔