ایف بی آر، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے درمیان معلومات کے تبادلہ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

620

اسلام آباد: فیڈر ل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور حکومت پنجاب کے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معلومات کے تبادلہ کے ضمن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول حکومت پنجاب لاہور میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں حکومت پنجاب کے وزیر برائے ایکسائز نارکوٹکس حافظ ممتاز احمد، ممبر آئی ٹی ایف بی آر عاصم احمد ، سیکریٹری ایکسائز ٹیکسیشن وجہیہ اللہ کنڈی، چئیرمین پنجاب ریوینیو اتھارٹی زین العابدین اور ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مسعودالحق شریک تھے۔

مفاہمت کی یادداشت کے تحت ایف بی آر کو شناختی کارڈ کے اندراج پر گاڑیوں، جائیداد اور پروفیشنلز کے بارے میں معلومات میسر آئیں گی۔ اسی طرح گیسٹ ہاوسز کا ڈیٹا، روئی دھننے والے کارخانے اور دوسرے رجسٹرڈ کاروباروں کے بارے میں معلومات ایکسائز ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول پنجاب کو میسر ہوں گی۔

مفاہمت کی یادداشت معلومات کے تبادلہ پر صیغہ راز کے تقاضوں کے مطابق دونوں اداروں کے مستقبل میں اٹھائے جانے والے اقدامات میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ ان اقدامات سے ٹیکس گزاروں کی نشاندہی ممکن ہو گی اور ریونیو کے نقصان کا سدباب ہو سکے گا۔

دونوں اداروں نے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تا کہ ٹیکس اکھٹا کرنے میں اضافہ حاصل کیا جا سکے، اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ معلومات کا تبادلہ محفوظ ویب سروس کے تحت کیا جائے گا جس میں انسانی عمل دخل کم سے کم ہو۔

ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ ایف بی آر معیشت کو دستاویزی بنانے کے لئے دوسرے اداروں کے ساتھ بھی اس طرح کے تعاون کے لئے ہر وقت تیار ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here