2 سالوں میں حکومتی اخراجات میں 5 ہزار ارب روپے کی بچت کی: مشیر خزانہ

667

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت پسماندہ طبقے کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اقتصادی ترقی کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

کراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا کہ جب حکومت اقتدارمیں آئی تو ملک مشکل اقتصادی حالات کا سامنا کر رہا تھا، زرمبادلہ کے ذخائر کم تھے، بیرونی ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا تھا،ان حالات میں معاشی بحالی کے لیئے حکومت نے سخت فیصلے کئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بچت اور کفایت شعاری کا راستہ اختیار کیا اور 2 سالوں میں حکومتی اخراجات میں 5 ہزار ارب روپے کی بچت کی گئی۔ گزشتہ مالی سال میں حکومت نے کوئی ضمنی گرانٹ جاری نہیں۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کاروبار میں آسانیوں کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومت معاشی ترقی کے لیئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر ر ہی ہیں۔ برآمدات کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور یہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کو امداد فراہم کرنا ضروری ہے، حکومت نے پسماندہ طبقے کی بحالی پہ خصوصی توجہ دی ہے، کورونا وائرس کی وباء میں غریب طبقے کیلئے خصوصی کیش گرانٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے مجموعی ترقی کی شرح اور ٹیکس محاصل میں کمی ہوئی ہے لیکن کورونا سے نمٹنے کے لیئے پاکستان کے اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here