کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے کاروباری روز کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں اتار چڑھاؤ رہا، کاروبار کا اختتام 310 پوائنٹس گراوٹ سے 41985 پوائنٹس پر ہوا۔
اے ایچ ایل لمیٹڈ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، ریفائنری سیمنٹ، او ایم سیز اور کیمیکل سیکٹرز میں 200 پوائنٹس اضافہ ہوا۔ تاہم، کاروبار کے اختتام پر سٹاک کی فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا جس سے انڈیکس منفی زون میں بند ہوا۔
منگل کے کاروباری روز کے دوران کے ایس ای 100 غیرمستحکم رہا، 232 پوائنٹس اضافے سے یہ 42558 پوائنٹس کی بلند ترین سطح جبکہ 383 پوائنٹس کی گراوٹ سے یہ 41912 کی کم ترین سطح پر دیکھا گیا، تاہم کاروبار کا اختتام 310 پوائنٹس کمی سے 41985 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں کے درمیان کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 307 پوائنٹس اضافے سے یہ 67729 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 166 پوائنٹس خسارے سے 29796 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مجموعی مارکیٹ حجم 800 ملین کی سطح عبور کر کے 884.36 ملین پر ریکارڈ کیا گیا، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ اور پاور سیمنٹ لمیٹڈ کاروباری روز کے دوران نمایاں رہے۔
بینکنگ، آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ اور کیمیکل کے سیکٹرز ریڈزون میں بند ہوئے، دیگر کمپنیوں میں ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ اور ایم سی بی بینک لمیٹڈ نے بھی کاروبار میں منفی اثرات مرتب کیے۔