اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی سٹاک مارکیٹ کے اعزاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات میں پاکستان سٹاک ایکسچینج نے جس کارگردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچیینج میں پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے 200 ارب روپے مالیت کے پاکستان انرجی سکوک کی بک بلڈنگ اور لسٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) کے چئیرمین عامر خان، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چئیرمین سلیمان ایس مہدی اور بورڈ ممبران، سی ای او فرخ خان، نیشنل بنک آف پاکستان اور دیگر بینکوں اور مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام اور تجارتی و کاروباری شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
مشیر خزانہ نے سکوک کے اجراء کو ثمر آور بنانے والی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی کارگردگی کو سراہا اور پی ایس ایکس کو ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ بنانے پر سٹاک ایکسچینج کے چئیرمین، بورڈ اور عملہ کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ چیلنجز اور کراچی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں سکوک کی لسٹنگ قابل تعریف ہے۔ یہ سب وزارت خزانہ کے ڈیٹ آفس، سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ، سٹیٹ بینک اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پہلی بار مسابقتی بک بلڈنگ پراسیس کے ذریعے کم شرح پر سکوک کے ذریعہ 200 ارب روپے اکھٹا کئے گئے، اس عمل میں قرضہ کی واپسی میں 10 برسوں میں 18 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔
مشیر خزانہ نے اس موقع پر سکوک میں حصہ لینے والے سٹیک ہولڈرز میں یادگاری دستاویزات بھی تقسیم کیں۔