لندن: عام تاثر یہی ہے کہ دولت مند لوگوں کی فہرست میں صرف مردوں کا نام آتا ہے مگر اس وقت دنیا کے امیر ترین لوگوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جس کے اثاثوں کی مالیت 68 ارب ڈالر ہے۔
بلومبرگ کے شائع کردہ انڈیکس کے مطابق میکنزی سکاٹ نامی ایک خاتون دنیا کی امیر ترین خواتین میں سرفہرست ہیں۔ مسز اسکاٹ “ایمیزون” کے سی ای او جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ ہیں۔ بیزوس خود بھی دنیا کے سب سے امیر آدمی ہیں۔
جیف بیزوس نے کچھ عرصہ قبل میکنزی اسکاٹ کو طلاق دے دی تھی اور طلاق کے موقعے پر انہیں بھاری رقم ادا کی گئی تھی جس سے وہ دنیا کی امیر ترین خاتون بن گئیں۔
اس سے قبل اورکال کی مالک فرینکوائز بٹنکورٹ مائرس دنیا کی امیر ترین خاتون تھیں مگر میکنزی نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا۔ مائرس کے اثاثوں کی مالیت 66 ارب ڈالر ہے۔
بیزوس نے اپنی اہلیہ سکاٹ سے 2019 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی، اس کے نتیجے میں اسکاٹ نے “ایمیزون” میں لاکھوں شیئرز حاصل کیے جن کا تخمینہ 38 ارب ڈالر تھا۔
جولائی میں ایک بلاگ پوسٹ میں میکنزی سکاٹ نے کہا کہ اس نے نسلی مساوات ، صحت عامہ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے کام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے گذشتہ ایک سال کے دوران ایک ارب 70 کروڑ ڈالر عطیہ کیے۔
“بزنس انسائیڈر” نے ایک پچھلی رپورٹ میں کہا تھا کہ اسکاٹ نے “ایمیزون” میں اپنے حصص کی قیمت میں اضافہ ہونے کے بعد رقم حاصل کر لی ہے۔