یورپی یونین کورونا سے متاثرہ معیشت کی بحالی، محروم طبقات کی مدد کیلئے پاکستانی اقدامات کی معترف

584

اسلام آباد: پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر آینڈرولا کمینہارا نے کہا ہے کہ یوروپی یونین کورونا وائرس کے سماجی و معاشی اثرات پر قابو پانے اور پائیدار مستقبل کی بحالی کیلئے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ کوویڈ 19 نے غیر متوقع طور پر دنیا کو ہلا کر رکھ دیا اور ہم کافی عرصے تک اس وائرس کے سماجی ومعاشی اثرات کو محسوس کرتے رہیں گے۔ مشکل وقت کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ اظہار یکجہتی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا چیلنج تھا لیکن پاکستان نے اب تک بحران پر موثر انداز میں قابو پایا ہے۔

“ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کوویڈ 19 کے کیسز اور اموات پاکستان میں کافی کم ہو رہی ہیں، یہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے سمارٹ لاک ڈائون کے ساتھ ساتھ ٹیسٹنگ اور ٹریسنگ جیسے اقدامات سے وائرس کے پھیلائو کو کافی حد تک کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے مشکل وقت کے دوران معیشت کی بحالی اور آبادی کے محروم طبقات کی مدد کے لئے کئی مثبت اقدام اٹھائے ہیں جو خاص طور پر وبائی مرض سے متاثر ہوئے تھے۔

پاک یورپی یونین کے تعلقات کے حوالے سے سفیر نے کہا کہ یورپین یونین پاکستان کا قابل اعتماد دیرینہ شراکت دار اور دوست ہے، ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے فریقین کے مابین جون 2019ء میں سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) پر دستخط سے یورپی یونین اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملا ہے۔

سفیر نے کہا کہ تجارت پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کے تعلقات کا اہم سنگ میل ہے، یورپی یونین نے پاکستان کے عالمی معیشت میں شمولیت اور اس کی پائیدار معاشی ترقی کی حمایت کی ہے، اس کے علاوہ یوروپی یونین پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 2014ء میں 4.5 ارب ڈالر تھا جو 2019ء میں جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد 7.5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جس میں 66.6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس کے علاوہ 2018ء اور 2019ء کے درمیان یورپ کی برآمدات میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔

یورپی یونین کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کے بارے میں سوال کے جواب میں سفیر کمینہارا نے کہا کہ پاکستان، ایشیاء میں امداد کے سب سے بڑے پروگراموں میں سے یورپی یونین کے اہم ترقیاتی شراکت داروں میں شامل ہے۔ 2014-2020ء کے عرصے میں پاکستان کو فراہم کی جانے والی گرانٹ 600 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔ یورپی یونین پاکستان تعاون کی ترجیحات 2014-20ء پروگرام کی مدت میں دیہی ترقی (50%) ، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت (35%) اور گڈ گورننس ، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق پر مرکوز ہیں۔

یورپی سفیر نے کہا کہ حال ہی میں یورپی یونین کی ترقیاتی فنڈ سات سالہ مدت کیلئے مختص کی گئی ہے۔ فی الحال ہم کوویڈ 19 سے نمٹنے میں پاکستان کیساتھ تعاون کرنے اور وبائی امراض کے معاشرتی اور معاشی اثرات پر توجہ دے رہے ہیں، جس میں خواتین اورپسما ندہ گروہوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

سفیر نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین پاکستان میں زیادہ سے زیادہ خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے حکومت اور سیاسی قیادت کیساتھ شراکت داری جاری رکھے گی۔

پاکستان میں غیر ملکیوں کے لئے سرمایہ کاری کے بارے میں سفیر نے کہا کہ حکومت نے اقتصادی چیلنجز پرقابو پانے کے علاوہ معاشی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بہترین پالیسیاں متعارف کرائی ہیں اور کاروبار میں مزید آسانیاں پیدا کی ہیں، اس اقدام سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here