بلوچستان میں تین شہروں کو ‘ ماربل سٹی ‘ کا خطاب دے دیا گیا

اقدام کا مقصد سرمایہ کاروں کو سنگ مر مر کے ذخائر سے مالا مال شہروں کی طرف راغب کرنا ہے، حکومت بلوچستان ماربل کو قابل استعمال بنانے کے لیے مدد فراہم کرے گی، تینوں شہروں میں خصوصی مارکیٹیں بنائی جائیں گی، مقامی افراد کے لیے تیس ہزار نوکریاں پیدا ہونگی

1088

اسلام آباد : بلوچستان حکومت نے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے تین شہروں کو ‘ ماربل سٹی ‘ قرار دے دیا۔

لورالائی ، خضدار اور دالبدین ‘ماربل سٹی ‘ کا خطاب پانے والے شہروں میں شامل ہیں جن میں خصوصی مارکیٹیں قائم کی جائیں گی۔

حکومت بلوچستان کو توقع ہے کہ اس اقدام سے ان علاقوں میں وسیع کاروباری مواقع پیدا ہونگی اورمعاشی سرگرمیاں تیز ہونگی۔

یہ بھی پڑھیے:

بلوچستان حکومت کا صوبے میں چھوٹے پیمانے پر بجلی کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

بلوچستان حکومت  کے ایک اہلکار کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس اقدام سے ملازمتیں پیدا ہونگی جس سے ان شہروں میں رہنے والوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ یہاں ہونے والی سرمایہ کاری سے ویسے تو پورا صوبہ مستفید ہوگا مگر ان شہروں کے مقامی افراد کے لیے تیس ہزار ملازمتیں بھی پیدا ہونگی۔

یہ بھی پڑھیے:

حکومتی پیکج کی بدولت خیبر پختونخوا میں کنسٹرکشن سیکٹر کی بحالی کے امکانات روشن

انہوں نے کہا کہ ان تین شہروں میں سنگ مرمر کے وسیع ذخائر کی موجودگی کی وجہ سے پانچ سو ایکڑ کے رقبے پر مارکیٹیں قائم کی جائیں گی جن کی تعمیربھی جلد ہی شروع ہوجائے گی۔

انکا کہنا تھا کہ سنگ مرمر کو توڑنے اور قابل استعمال شکل میں لانے کے لیے حکومت مدد فراہم کرے گی اور اس اقدام سے ملک کے دوسرے حصوں میں بھی ماربل کی مانگ کو پورا کیا جاسکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے قدرتی وسائل کو بہترین استعمال میں لانے کے لیے مراعات دے رہی ہے اور صوبے میں چار مزید مقامات یعنی مسلم باغ، تربت، چمن اور دالبدین میں انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلی بلوچستان نے تمام متعلقہ محکموں کو انڈسٹریل ایریاز میں تمام سہولیات کی فراہمی کے واضح احکامات جاری کردیے ہیں اور اُمید ہے کہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا جس سے صوبے میں کاروباری اور معاشی تیزی آئے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here