پی آئی بی اور ٹی بلز کی نیلامی سے سٹیٹ بنک کو 634.8 ارب روپے موصول

ٹی بلز کی نیلامی سے 547.8 ارب جبکہ فلوٹنگ ریٹ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کے آکشن سے 87 ارب روپے حاصل ہوئے

693

کراچی : سٹیٹ بنک آف پاکستان نے خبر دی ہے کہ حکومت پاکستان نے پاکستان مارکیٹ ٹریزی بلز اور فلوٹنگ ریٹ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈ کی نیلامی سے 634.8 ارب روپے حاصل کرلیے ہیں۔

جس کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ ٹی بلز کی نیلامی کے 450 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں حکومت کو 547.8 ارب روپے جبکہ فلوٹنگ ریٹ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کے آکشن سے 87 ارب روپے حاصل ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے:

برآمدات کے فروغ کے لیے فنانس سکیمیں سٹیٹ بنک پر مالی بوجھ کا باعث ہیں : عالمی بنک کی رپورٹ

مرکزی بنک نے تین ماہ، چھ ماہ اور بارہ ماہ کے ٹی بلز نیلام کیے اور ایک کھرب روپے سے زائد کی رقم حاصل کی۔

 تین ماہ کے ٹی بلز کی نیلامی کی مد میں 363.2 ارب، چھ ماہ کے ٹی بلز کی نیلامی کی مد میں  358.8 ارب جبکہ ایک سال کے ٹی بلز کی نیلامی کی مد میں 280.5 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں۔

ان بولیوں میں سے وفاقی حکومت نے تین ماہ کے ٹی بلز کی مد میں 257.7 ارب، چھ ماہ کے ٹی بلز کے لیے 203.4 ارب، بارہ ماہ کے ٹی بلز کے لیے 64.5 ارب روپے کمائے۔

نیلامی میں غیر مسابقی سمیت 547.8 ارب روپے کی بولیاں قبول کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے:

گیس کے نو دریافت ذخیرے کا تخمینہ 65 ارب ڈالر ہے، ترک وزیر توانائی

اسی طرح تین سال کے انویسٹمنٹ بانڈز کی نیلامی کی مد میں 128.6 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں جس میں سے سٹیٹ بنک آف پاکستان نے 75.9  ارب روپے کی بولیاں قبول کیں، پانچ سالہ انویسٹمنٹ بانڈز کی نیلامی کی مد میں 49.3 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں مگر سٹیٹ بنک نے 5.3 ارب روپے کی بولیاں قبول کیں۔

مزید برآں دس سال کے انویسٹمنٹ بانڈز کی نیلامی کی مد میں 39.5 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں جس میں سے مرکزی بنک نے 5 ارب روپے کی بولیاں قبول کیں۔

ٹی بلز اور فلوٹنگ ریٹ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کی اگلی نیلامی 9 ستمبر کو ہوگی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here