لندن: برطانوی معیشت کو کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی فضائی سفر کی بندش سے رواں سال 22 ارب پاﺅنڈ سٹرلنگ (29 ارب ڈالر، 24 ارب یورو) نقصان اور روزگار کے 3 ملین (30 لاکھ) سے زیادہ مواقع خطرے سے دوچار ہونے کا امکان ہے۔
ورلڈ ٹریول اینڈ ٹوورازم کونسل (ڈبلیو ٹی ٹی سی ) کی جانب سے گزشتہ روز جاری جائزہ رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں کمی سے ان کے کیے جانے والے اخراجات رواں سال 2019ء کے مقابلے میں 78 فیصد تک کم ہو سکتے ہیں جو 60 ملین ڈالر یومیہ کے برابر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی انتظامیہ کی جانب سے کورو نا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے طے شدہ سفری پابندیوں بارے غیر یقینی صورتحال کے باعث غیر ملکی سیاح برطانیہ آنے سے گریز کررہے ہیں۔
کونسل کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سفر پر پابندی کا زیادہ نقصان لندن شہر کو ہو رہا ہے کیونکہ یہاں سیاحت کے شعبے میں ہونے والے کل اخراجات کا 85 فیصد سے زیادہ غیرملکی سیاحوں کی طرف سے کیے جانے والے اخراجات سے حاصل ہوتا ہے۔
ڈبلیو ٹی ٹی سی کے مطابق فوری طور پر ملک میں روانگی کے مقامات پر تیز رفتار، جامع سرمایہ کاری اور موثر ٹیسٹنگ اور ٹریس پروگراموں کے ساتھ کورنٹائن اقدامات کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔