انقرہ: ترک وزیر توانائی و قدرتی وسائل فاتح دونمیز نے کہا ہے کہ ترکی میں ملنے والی گیس کے ذخائر کا فی الوقت تخمینہ 65 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک ٹیلی ویژن سے گفتگو میں بحیرہ اسود کے کنارے ملنے والی گیس سے متعلق انہوں کہا کہ ہم نے اس کی تلاش کا آغاز 14 ماہ قبل کیا تھا۔
وزیر توانائی نے ان ذخاَئر کی اقتصادی قدر کے بارے میں کہا کہ مستقبل میں گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں کیا اتار چڑھائو آئے گا کہنا ذرا مشکل ہے۔
البتہ انہوں نے کہا کہ عالمی پیمانے پر گیس کی قیمتوں کا تعین پٹرول کے انڈیکس پر کیا جاتا ہے اگر گزشتہ 3 تا 5 سال کا تجزیہ کیا جائے تو ملنے والی اس گیس کا تخمینہ 65 ارب ڈالرز کے لگ بھگ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ترکی کو سالانہ 40 تا 50 ارب کیوبک میٹر گیس درکار ہوتی ہے لہٰذا امید ہے کہ اگر ہمیں مزید ذخائر نہ بھی ملے تو یہ گیس ہماری 7 تا 8 سالہ ملکی ضروریات کو پورا کر سکے گی۔