جولائی 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں 14.4 فیصد اضافہ

585

اسلام آباد: جولائی 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 14.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے آغاز پر جولائی 2020ء میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات 1.272 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ جولائی 2019ء میں ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 1.112 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح جولائی 2019ء کے مقابلہ میں جولائی 2020ء کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں 14 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جنوبی امریکہ اور یورپ کے ممالک میں کووڈ 19 لاک ڈاﺅن میں آسانی کے بعد قومی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ یہ ممالک پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہیں۔

پی بی ایس کے مطابق جولائی 2020ء کے دوران ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 18.04 فیصد جبکہ نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 20.42 فیصد اور بیڈ ویئرز کی قومی برآمدات میں 25.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی طرح تولیہ کی قومی برآمدات بھی 21.40 فیصد اور سوتی کپڑے کی برآمدات میں 1.15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء میں سوتی دھاگہ کی برآمدات 37.88 فیصد اور سوتی کے علاوہ دیگر دھاتوں کی برآمدات میں 47.53 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کووڈ 19 کی بین الاقوامی وباء کے باعث دنیا بھر میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کی بندش کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے دوران ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات چھ فیصد کمی سے 12.526 ارب ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ مالی سال 2018-19ء کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 13.327 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here