اسلام آباد: جولائی 2020ء کے دوران پاکستان کسٹمز نے 143 فیصد زیادہ سمگل کی جانے والی اشیاء ضبط کیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء کے دوران پاکستان کسٹمزنے 3.8 ارب روپے مالیت کی سمگل کی جانے والی مصنوعات ضبط کیں جن میں گٹکا، سگریٹ، ایرانی ڈیزل، ٹائرز، گاڑیاں، منشیات، کپڑا، سونا اور غیر ملکی کرنسی سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے ماہ میں جولائی 2019ء کے دوران 1.5 ارب روپے مالیت کی اشیاء ضبط کی گئی تھیں جبکہ رواں مالی سال کے آغاز پر جولائی 2020ء میں 3.8 ارب روپے مالیت کی مصنوعات پاکستان کسٹمز نے ضبط کی ہیں۔
اس طرح جولائی 2019ء کے مقابلہ میں جولائی 2020ء کے دوران پاکستان کسٹمز کی جانب سے سمگلنگ کے خلاف بھرپور اقدامات کے تحت 2.3 ارب روپے سے زیادہ مالیت کی یعنی 143 فیصد زیادہ مصنوعات ضبط کی گئی ہیں۔