پنشن اصلاحات: پاکستان نے ورلڈ بنک سے تکنیکی معاونت مانگ لی

عالمی بنک کی کورونا کے اثرات سے نمٹنے کی حکومتی حکمت عملی کی تعریف، مشیر خزانہ کی اصلاحاتی ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ورلڈ بنک سے مدد جاری رکھنے کی درخواست

692

اسلام آباد: پاکستان نے پینشن اصلاحات کے حوالے سے عالمی بینک سے تکنیکی معاونت مانگ لی۔

گزشتہ روز وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے عالمی بنک کے پاکستان کے لیے نئے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن سے ملاقات کی جس میں دیگر امور کے علاوہ پنشن اصلاحات کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی۔

 اس ملاقات میں ڈاکٹر حطیظ شیخ نے ناجی بن حسائن کو خوش آمدید کہا اور پاکستان اور عالمی بنک کے درمیان مضبوط تعاون اور تعلقات کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیے: برآمدات کے فروغ کے لیے فنانس سکیمیں سٹیٹ بنک پر مالی بوجھ کا باعث ہیں : عالمی بنک کی رپورٹ

مزید برآں انہوں نے ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کو مختلف شعبہ جات میں جاری اصلاحات، کورونا کی معاشی تباہ کاریوں اوراس سے نمٹنے کی حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے ناجی بن حسائن کو حکومت کی جانب سے معاشرے کے غریب طبقے کی مدد کے لیے شروع کیے گئے احساس پروگرام ، کورونا سے متاثرہ کاروباروں کی سبسڈی پر دیے جانے والے قرضوں، قرض ادائیگیوں میں تاخیر کی سہولت اور بجلی کے بلوں کی تاخیری ادائیگی جیسی امداد سے بھی آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے: ورلڈ بنک پاکستان اور بھارت کے آبی تنازعے میں ثالث نہیں بن سکتا : سابق کنٹری ڈائریکٹر

اس موقع پر ورلڈ بنک کے نمائندے ناجی بن حسائن نے کورونا کے تناظر میں حکومتی اقدامات کو سراہا اور اس سلسلے میں عالمی بنک کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد کا ذکر کیا۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ نے مدد کی فراہمی پر عالمی بنک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے یہ مدد جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

مزید برآں دونوں شخصیات نے دوطرفہ تعاون جاری رکھنے اور عالمی بنک کی مدد شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان نے بھی کہا تھا کہ گردشی قرضے سے زیادہ پیسہ ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن ادا کرنے میں خرچ ہو جاتا ہے، کئی جامعات کے پاس سابق ملازمین کو پینشن ادا کرنے کیلئے پیسہ نہیں، اس لیے اس حوالے سے جلد اصلاحات لائی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here