اسلام آباد: خیبرپختونخوا حکومت ملک میں پہلا ڈیجیٹل سٹی شروع کرنے کے لئے تیار ہے جس سے 30 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
پاکستان ڈیجیٹل سٹی کا مقصد اعلیٰ ٹیکنالوجی کا حامل ایسا مرکز بنانا ہے جو جدت کے ساتھ اس شعبے میں ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا کر سکے، یہ ڈیجیٹل سٹی ضلع ہری پور میں قائم کیا جائے گا۔
2018ء میں صوبائی حکومت نے ڈیجیٹل معیشت میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ”ڈیجیٹل کے پی“ پالیسی شروع کی تھی۔ خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاءاﷲ بنگش کے مطابق منصوبہ کے لئے 70 فیصد اراضی مختص کی جا چکی ہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس مرکز میں تقریباً 20، 20 مختلف ہائی ٹیک آپریشنز میں 30,000 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ یہ سافٹ ویئر مینوفیکچررز سے لے کر ہارڈ ویئر فیکٹریوں تک قابل استعمال ہو گا۔
آئی ٹی سیکٹر کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل سٹی ملک میں ”آئی ٹی انقلاب“ کو جنم دے گا۔
خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے عہدیدار ظہور شاہ مروت نے بتایا کہ ماسٹر پلاننگ اور ڈیزائننگ کا کام رواں سال اکتوبر کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ ممکنہ سرمایہ کاروں، بشمول سافٹ ویئر ہائوسز، ٹیکنالوجی انکیوبیٹرز، الیکٹرانک مینو فیکچررز، موبائل، کمپیوٹر اور مواصلاتی آلات سازوں کو اپنی سہولیات کے قیام کے لئے مدعو کیا جائے گا۔