ڈریپ نے کورونا ویکسین کے فیز 3 کلینیکل ٹرائلز کی باضابطہ منظوری دے دی

645

اسلام آباد:  قومی ادارہ صحت نے کورونا ویکسین کے فیز3 کلینیکل ٹرائلز کے لئے ڈریپ سے باضابطہ منظوری حاصل کر لی ہے۔

یہ ویکسین کینسینو بائیو اینڈ بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی چائنہ کی تیار کردہ ہے جسے کورونا وائرس ویکسین فیز 3 کے کلینیکل ٹرائل کے لئے منظور کیا گیا ہے۔

پاکستان میں کسی بھی ویکسین کا یہ پہلا فیز 3 کلینیکل ٹرائل ہو گا۔ پاکستان میں ملٹی سنٹر کلینیکل ٹرائل کے پرنسپل انویسٹی گیٹر میجرجنرل عامر اکرام ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ اسلام آباد میں ہیں۔

یہ ایک ملٹی کنٹری ملٹی سنٹر کلینیکل ٹرائل ہے جسے کینسینو بائیو کمپنی پہلے ہی چین، روس، چلی، ارجنٹائن میں شروع کرا چکی ہے اور جلد ہی سعودی عرب میں کروائے گی۔

یہ سٹڈی قومی ادارہ صحت، کینسینو بائیوکمپنی اور اے جے ایم فارما کے مابین سہہ فریقی سرگرمی ہے جو ملک کے مشہور طبی تحقیقی مراکز آغا خان میڈیکل یونیورسٹی کراچی، انڈس ہسپتال کراچی، شوکت خانم میموریل ہسپتال لاہور، شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور میں کی جائے گی۔

پاکستان میں فیز 3 کلینیکل ٹرائل جیسے اقدام سے نہ صرف پاکستان میں مقامی طور پر ویکسین تیار کرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور نجی و سرکاری شراکت داری کی راہیں ہموار ہونگی بلکہ اس سے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہو گا اوریہ پاکستان میں ویکسین کی ترجیحی فراہمی اور مناسب قیمتوں کو بھی یقینی بنائے گا۔

کینسینو بائیو کمپنی دنیا کی پہلی کمپنی ہے جس نے کورونا ویکسین فیز 2 کے کلینیکل ٹرائل اور ویکسین کے انسانوں پر ٹرائلز کیے۔ کمپنی نے مئی 2020ء کو اپنے فیز 1 کے ٹرائل کے نتائج اور جولائی 2020ء کو فیز 2 کے نتائج شائع کیے۔

قومی ادارہ صحت منسٹری آف ہیلتھ کے توسط سے اس سٹڈی کا حصہ ہونے کے ناطے پاکستان کا شمار ان ترجیحی ممالک کی لسٹ میں شامل ہے جنہیں کورونا ویکسین حاصل کرنے کے لئے ابتدائی رسائی حاصل ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here