پاکستان اسٹاک ایکسچینج : ہم نیٹ ورک نے ٹیک اوور کے امکانات کی تصدیق کردی

ہم نیٹ ورک کی جانب سے جاری نوٹس میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ کنگز وے کیپیٹل اور جے ایس گروپ کمپنی کے خفیہ ٹیک اوور پر کام کر رہے ہیں جس کی بنا پر حصص کی ملکیت کے انداز کا جائزہ لیا جا رہا ہے

855

کراچی : ہم ٹی وی نیٹ ورک نے پرافٹ کی سٹوری کہ ‘ کیا سلطانہ صدیقی ہم ٹی وی کا کنٹرول کھونے والی ہیں؟ ‘ کے تناظر میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک نوٹس جمع کروایا ہے جس میں کمپنی کے ممکنہ ٹیک اوور کی تصدیق کی گئی ہے۔

نوٹس میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ کنگز وے کیپیٹل اور جے ایس گروپ کمپنی کے خفیہ ٹیک اوور پر کام کر رہے ہیں جس کی بنا پر حصص کی ملکیت کے انداز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اپریل 2020 کے دوسرے ہفتے سے مئی 2020 تک Aitkenstuart Pvt ہم نیٹ ورک کے حصص خرید رہا تھا اور شئیر ہولڈنگ ریکارڈز اور ہم نیٹ ورک کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق Aitkenstuart Pvt اس کے 83,462,000 حصص خریدے جو کہ کمپنی کے کل سرمائے کا 8.83 فیصد بنتا ہے۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ Aitkenstuart Pvt کے لیے حصص حاصل کرنے والے کامران مرزا کو ماضی میں جے ایس بنک کے اینویسٹمنٹ بنکنگ کے ایگزیکٹیو وائس صدر کے طور پر ملازمت پر رکھا گیا تھا۔

ہم نیٹ ورک کے نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ Aitkenstuart Pvt نے ہم نیٹ ورک کے 79,030,303 حصص جے ایس بنک لمیٹڈ کو فروخت کردیے تھے۔

جس میں سے 3,375,197 حصص جہانگیر صدیقی اینڈ سنز لمیٹڈ کو جبکہ 1,056,500 حصص مناف ابراہیم کو فروخت کیے گئے اور یہ سب 20 مئی سے 8 جون 2020 تک کے عرصے میں ہوا۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مناف ابراہیم نے تین جون کو 16,500,000 حصص کنگز وے کو منتقل کیے اور اس دن ہم نیٹ ورک کے حصص کی مالیت 9.97   روپے تھی اور 314,348,000  شئیرز کا کاروبار ہوا تھا جو کہ کمپنی کے کل سرمائے کا 33 فیصد حصہ بنتا ہے۔

Aitkenstuart Pvt اور کنگز وے کی جانب سے حصص کی تمام خرید و فروخت جے ایس کیپیٹل لمیٹٹد کے ذریعے جبکہ مناف ابراہیم کی ٹرانزیکشنز سیڈار کیپیٹل کے ذریعے ہوئیں۔

پراٖفٹ سے گفتگو میں اے کی ڈی گروپ کے چئیرمین عقیل کریم ڈھیڈی نے دعوی کیا کہ جہانگیر صدیقی کی جانب سے ہم نیٹ ورک کو اپنی بہن سلطانہ صدیقی سے واپس لینے کی کوششیں شروع ہوچکی ہیں۔

انہوں نے پرافٹ کے تجزیے سے بھی اتفاق کیا کہ ہم نیٹ ورک کے حصص کی قیمت میں اضافہ کمپنی کی پرفارمنس کے مطابق نہیں ہے جس سے حصص کی قیمت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا تاثر ملتا ہے۔

ہم نیٹ ورک کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے ڈائریکٹر کا الیکشن لڑنے کے خواہشمند کم از کم چھ افراد یا تو جے ایس گروپ کے ملازمین ہیں یا وہ گروپ کی کمپنیوں یا اس میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں جبکہ وہ کمپنی کے بہت تھوڑے حصص کے مالک ہیں۔

اس کے علاوہ کنگز وے کیپیٹل کی جانب سے شئیرز رجسٹرار میں تبدیلی کی مخالفت پر 22 اگست 2020 کو ایک غیر معمولی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here