‘وعدوں کی تکمیل کا وقت آچکا’ وزیر اعظم نے 5 کھرب کے ’راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ‘ کا افتتاح کر دیا

ایک لاکھ 10 ہزار ایکٹر پر محیط پراجیکٹ لاہور کو بچانے کیلئے ہے، 13 شہر آباد ہوں گے، 46 کلومیٹر لمبی جھیل بنے گی، 50 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی: عمران خان کا افتتاحی تقریب سے خطاب

997
وزیر اعظم عمران خان ’راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں، فوٹو: اے پی پی

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دو سال بہت مشکل سے گزارے ہیں، ملک تباہ شدہ حال میں ملا جسے چلانا ہمارے لئے بڑے معرکہ سے کم نہ تھا ، اب وعدوں کی تکمیل کا وقت آ چکا ہے۔

وہ جمعہ کے روز شاہدرہ کے علاقہ میں ”راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ “ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ،وفاقی وزیر حماد اظہر ، مشیر احتساب شہزاد اکبر، چیئرمین راوی پراجیکٹ راشد عزیز ، وفاقی و صوبائی وزراء، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کو منصوبہ بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جبکہ وزیر اعظم نے منصوبہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ دریائے راوی اپنی خوبصورتی میں اپنی مثال آپ تھا جو اب سکڑ کر سیوریج نالہ بن چکا ہے، ہماری حکومت نے مشکل منصوبہ ”راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ “ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے‘ یہ پراجیکٹ لاہور کو بچانے کا منصوبہ ہے، اس سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہو گی اور آنے والے دنوں میں لاہور کو کراچی جیسے خطرناک مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

 

وزیر اعظم عمران خان ’راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ‘ کا افتتاح کر رہے ہیں، فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ ایک ایسا شہر بنایا جائے جو جدید طرز کا ہو جس میں تمام سہولیات موجود ہوں اور وہ منصوبہ بندی کے تحت بنایا جائے، راوی سٹی اسلام آباد کے بعد پاکستان کا دوسرا منصوبہ بندی والا شہر ہے جس میں 13 شہر آباد ہوں گے جبکہ ایک کلومیٹر وسیع اور 46 کلومیٹر لمبی جھیل بھی اس میں شامل ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ پراجیکٹ ایک لاکھ 10 ہزار ایکٹر پر محیط ہو گا جسے آلودگی سے پاک کرنے کےلئے 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ شہر کے گندے نالوں کے پانی کو ٹریٹ کر کے دریا میں چھوڑا جائے گا جس سے پانی کی زیر زمین سطح بلند ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ راوی سٹی لاہور کو بچانے کا 50 ہزار ارب روپے کا منصوبہ ہے جس میں پرائیوٹ پارٹنر شپ بھی شامل ہے۔ اوورسیز پاکستانی جن کا ہمیشہ پاکستان  پرشکوہ رہتا ہے یہ ان کے لئے کارگر منصوبہ ہوگا، انہیں چاہیے کہ وہ اس میں سرمایہ کاری کریں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں سرمایہ آئے گا اور ملک خوشحال ہو گا جبکہ اس پیسے سے ہم اپنے اوپر واجب الادا قرضے کو بھی اتار سکیں گے، اس منصوبے سے آنے والے سرمایہ کو صحت ‘ تعلیم اور احساس پروگرام کے ذریعے غریب عوام پر خرچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل منصوبہ ہے جس کےلئے بڑی محنت درکار ہے اور یقینا مشکلات بھی آئیں گی، اگر یہ منصوبہ اتنا آسان ہوتا تو 2004ء سے گزشتہ دور تک کی حکومتیں اس کو بنا چکی ہوتیں جبکہ سابق حکمرانوں نے اورنج لائن، میٹرو بس چلا کر 28 ارب روپے کی سالانہ سبسڈیز دیں جس سے ملک مقروض ہوتا چلا گیا جبکہ راوی سٹی پراجیکٹ سے ملک میں پیسہ آئے گا اور ملک خوشحال ہو گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ اور دیگر رفاعی منصوبے چلتے رہیں گے۔

قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب سر دار عثمان بزدار نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ لاہور کے لئے ایک میگا پراجیکٹ لے کر آئے ہیں جس سے لاہور پوری دنیا میں شہرت حاصل کر لے گا۔

انہوں نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ وہ اور ان کی ٹیم اس منصوبہ کے لئے دن رات ایک کردیں گے اور اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ختم کر دی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here