کراچی: بینک دولت پاکستان (ایس بی پی) کے ”مالی خواندگی کے قومی پروگرام“ (این ایف ایل پی) نے مالی سال 2020ء کے اختتام پر اپنا تیسرا سال مکمل کر لیا۔
مرکزی بینک سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مالی عدم شمولیت کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان نے 2015 میں ”مالی شمولیت کی قومی حکمت عملی“ (این ایف آئی ایس) اپنائی۔ این ایف آئی ایس کا ہدف یہ تھا کہ ملک کی بالغ آبادی کے 50 فیصد کو2020ء تک مالی رسائی کی باضابطہ سہولتیں حاصل ہو جائیں۔
چنانچہ سٹیٹ بینک نے ملک میں مالیات تک رسائی بڑھانے اور بینکاری کے باضابطہ طریقوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کو بنیادی مقصد بناتے ہوئے ”مالی شمولیت کی قومی حکمت عملی“ کے تحت تجویز کردہ اقدامات کے نفاذ میں سبقت حاصل کرتے ہوئے ان اقدامات کو اپنے ”اسٹرٹیجک وژن 2020“ میں شامل کیا۔
دیگر اقدامات کے ساتھ ایک اہم اقدام ”مالی خواندگی کے قومی پروگرام“ کا آغاز تھا۔ این ایف ایل پی سٹیٹ بینک کا ایک اہم پروگرام ہے جس کا مقصد آبادی کے ان طبقات کو خاص طور پر خواتین اور نوجوانوں کو مالی تعلیم فراہم کرنا ہے جن کا بینکوں سے کوئی واسطہ نہیں یا برائے نام واسطہ ہے۔
زیرِ ہدف مخاطب افراد کا تنوع اور خواندگی کی سطح مدنظر رکھتے ہوئے این ایف ایل پی کو دو اجزاء میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ”مالی خواندگی کا قومی پروگرام برائے بالغ افراد (NFLP-A)“ اور ”مالی خواندگی کا قومی پروگرام برائے نوجوان افراد (NFLP-Y)“۔
اس پروگرام کے مقاصد میں پانچ سال کے دوران تقریبا 26 لاکھ متعلقہ افراد کو مالیاتی امور تعلیم فراہم کرنا، اس تعلیم میں مرد اور خواتین کو مساوی اہمیت دینا، اوراستفادہ کرنے والوں کے بینک یا موبائل اکانٹ کھولنا شامل ہیں۔
کورونا کی وبا کے باوجود ”مالی خواندگی کا قومی پروگرام برائے بالغ افراد“ قومی مالی خواندگی پروگرام کے تحتمالی سال 20 کے دوران تقریبا 10 ہزار کلاس روم سیشنز اور 300 سٹریٹ تھیٹر پروگراموں کے ذریعے 2 لاکھ 50 ہزار افراد کو مالی تعلیم دی گئی جبکہ ہدف دو لاکھ 26 ہزار کا تھا۔
استفادہ کنندگان میں70 فیصد شرکاء دیہی علاقوں کے تھے جن میں خواتین کی شرکت میں نمایاں بہتری آئی (مالی سال 19 کی 42 فیصد سے مالی سال 20 میں 57 فیصد)۔
سیشن کے اختتام پر بینک یا موبائل اکاﺅنٹ کھولنے والوں کی تعداد میں بھی نمایاں بہتری آئی جو مالی سال 19 کے53 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 20 میں 83 فیصد ہو گئی۔ اگست 2017 میں ”مالی خواندگی کا قومی پروگرام برائے بالغ افراد“ کےآغاز سے اب تک 6 لاکھ سے زائد افراد کو مالی تعلیم دی جا چکی ہے۔