حکومت کا ایس او پیز کے تحت ریسٹورنٹ، کیفے، تھیٹرز، سینما ہالز کھولنے کا فیصلہ

سیاحتی مقامات 8 اگست، پبلک پوائنٹس، سینماز اور تھیٹرز 10 اگست، شادی ہالز، تعلیمی ادارے 15 ستمبر تک کھلیں گے

881

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آنے کے بعد حالات معمول پر آنے لگے ہیں جنہیں دیکھتے ہوئے حکومت نے بھی مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدرات کورونا وائرس کی صورتحال پر قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم ترین فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت کے اقدامات کے باعث ملک بھرمیں کورونا وباء کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس 10 اگست سے کھول دیئے جائیں گے، تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ 7 ستمبر کو آخری ریویو کریں گے۔ میرج ہالز کو 15 ستمبرسے کھولا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس، کیفیز 10 اگست کو کھول دیے جائیں گے اور اس حوالے سے دو روز میں ایس او پیز کو حتمی شکل دے دی جائے گی، 15 ستمبر تک شادی ہالز بھی کھولے جا سکتے ہیں، بیوٹی پارلرز، ایکسپو سینٹرز، مزارات کو بھی کھولنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

 اسد عمر نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر ہوٹلز کو 8 اگست کو کھول دیا جائے گا، پبلک پوائنٹس، سینماز اور تھیٹرز کو 10 اگست سے کھولا جائے گا، تماشائیوں کے بغیر کھیل کی اجازت ہو گی، 10 اگست سے جِمنازیم  بھی کھولنے کی اجازت ہو گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو بسوں میں کھڑے ہو کر سفر کی اجازت نہیں ہو گی، رش سے بچنے کیلئے گنجائش کے مطابق سواریوں کو بٹھانے کی اجازت دی جائے گی۔

اسدعمر کا کہنا تھا کہ مزارات میں بڑے اجتماعات میں ایس او پیز کا خیال رکھنا ہو گا اور کسی بھی تقریب کیلئے انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی بھی اجازت دی جا رہی ہے،  ٹرین اور جہاز میں مسافروں سےمتعلق پابندیاں ستمبر تک جاری رہیں گی۔

وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ یکم اکتوبر سے پروازوں میں مسافر معمول کے مطابق سفر کرسکیں گے، عوام کے تعاون سے صورتحال قابو میں آئی، عوام کے رویوں میں تبدیلی نظر آئی تو یہی صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے متعلق علمائےکرام کے ساتھ ایس او پیز  بنائی جا چکی ہیں۔ جو سیکٹرز بھی کھولے جا رہے ہیں وہ مکمل ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے، دکانیں کھولنے کے اوقات کار کو بھی معمول کے مطابق لانے کا فیصلہ کیا جا رہا تھا

خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا تاہم اب کیسز میں کمی کے بعد بتدریج مختلف شعبوں کو کھولا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پنجاب حکومت نے مزید کاروبار کھولنے کیلئے وفاقی حکومت کو سفارشات بھجوائی تھیں۔

دوسری جانب لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایل سی سی آئی) کے صدر عرفان اقبال شیخ و دیگر عہدیداروں نے وفاقی وزیر برائے پلاننگ و ڈویلپمنٹ اسد عمر کی جانب سے ریسٹورنٹس، سیاحت، پبلک پوائنٹس، سینما اور تھیٹر 10 اگست تک کھولنے جبکہ شادی ہالز بھی جلد کھولنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اپیل تسلیم کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کاروباری شعبے کو سپورٹ کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس نے کاروباری شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، کاروبار کھل جانے سے ایک تو کاروباری شعبے کی بحالی میں مدد ملے گی اور دوسرا دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان وبا سے چھٹکارا پا رہا ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ جو کاروبار رہ گئے ہیں انہیں بھی جلد کھول دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here