اسلام آباد: برطانیہ جانے والے پاکستانی مسافروں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لئے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لئے متبادل اتنظامات کرتے ہوئے پرتگالی فضائی کمپنی ہائی فلائی (HiFly) کے ساتھ معاہدہ طے کر لیا ہے۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداﷲ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے اور پرتگالی فضائی کمپنی کے مابین طے پانے والے معاہدے کے تحت تین سو سے زائد نشستوں والے جدید ایئربس 330 A طیارے کے ذریعے پروازیں چلائی جائیں گی۔ برطانیہ آپریشن میں پی آئی اے کے سلاٹ اور کال سائن استعمال ہوں گے-
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئربس 330 میں اکانومی اور بزنس کلاس میں جدید اور آرام دہ نشستیں ہیں۔ طیارے میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے 14 اگست کو برطانیہ سے آپریشن شروع کرے گی۔ پرواز پی کے 9702 مانچسٹر سے 250 سے زائد مسافروں کو لیکر اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گی جبکہ 15 اگست کو پرواز پی کے 9785 اسلام آباد سے لندن کے لئے روانہ ہو گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ان براہ راست پروازوں پر بکنگ کا آغاز ہو گیا ہے اور پہلی پرواز ابھی سے پر ہو گئی ہے- پی ائی اے ان پروازوں پر 45 کلو فی مسافر سامان کی سہولت بھی مہیا کر رہا ہے۔ مسافروں کو دوران پرواز اِن فلائٹ انٹرٹینمنٹ کی سہولت بھی میسر ہو گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے کو درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ مانچسٹر سے زیادہ سے زیادہ پروازیں چلائی جائیں۔ پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی کے بعد دیگر ایئرلائنز نے کرائے غیر معمولی طور پر بڑھا دیئے تھے، اس اقدام کے تحت پی آئی اے کی پروازیں چلنے کے بعد کرائے واپس عام سطح پر آنے کی بھی توقع ہے ۔