کراچی: کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث پاکستان کی برآمدات پر چھائے کالے بادل چھٹنا شروع ہوگئے ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادو شمار کے مطابق جولائی 2020ء کے دوران ملکی برآمدات میں 5.80 فیصد اضافہ ہوا، جولائی 2020 کی برآمدات ایک ارب 99 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ جولائی 2019 میں ایک ارب 89 کروڑ ڈالر کی مصنوعات برآمد کی گئی تھیں۔
جولائی 2020ء میں درآمدات میں 4.20 فیصد کمی واقع ہوئی، جولائی 2020ء میں 3 ارب 54 کروڑ ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئیں جبکہ جولائی 2019 میں 3 ارب 70 کروڑ ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئی تھیں۔
برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کے سبب نئے مالی سال کے پہلے مہینے کا تجارتی خسارہ 14.70 فیصد کم رہا۔ جولائی 2020ء کا تجارتی خسارہ ایک ارب 54 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا، جولائی 2019ء میں ایک ارب 80 کروڑ 8 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ درپیش تھا۔
مشیر تجارت عبدالرازق دائود نے برآمدات میں اضافہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جولائی 2020ء میں پاکستان کی برآمدات میں پچھلے سال کی نسبت 8۔5 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چار ماہ سے برآمدات میں کمی دیکھی جا رہی تھی۔ کوویڈ19 اور سمارٹ لاک ڈائون کے باوجود ہماری برآمدات پر مبنی ”میک ان پاکستان“ پالیسی آگے بڑھ رہی ہے، میں تمام برآمد کنندگان کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اس رجحان میں مزید تیزی آتی رہے گی۔